1

ملتان، چہلم امام حسین کے جلوس نکالنا، جرم بن گیا، ضلع ملتان میں چودہ مقدمات درج

  • News cod : 37989
  • 20 سپتامبر 2022 - 15:01
ملتان، چہلم امام حسین کے جلوس نکالنا، جرم بن گیا، ضلع ملتان میں چودہ مقدمات درج
ایم ڈبلیو ایم ملتان کے صدر علامہ وسیم معصومی کا کہنا تھا کہ ان مقدمات سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، عزاداری سید الشہداء کی خاطر ہر قربانی کے لیے تیار ہیں، حکومت کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا، حکومت کی جانب سے قائم بے بنیاد مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر چہلم امام حسین علیہ کے موقع پر اپنے گھروں سے پیدل نکل کر مرکزی جلوسوں میں شرکت کرنا، حسینیت زندہ باد اور یزیدیت مردہ باد کے نعرے لگانا جرم بن گیا۔ ملتان انتظامیہ نے پیدل جلوسوں میں شریک ہونے والے مومنین پر 14مقدمات درج کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان پولیس کی جانب سے تھانہ بستی میں امام بارگاہ قصر ابوطالب سے نکلنے والی اربعین واک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ الپہ میں ساہی چاون سے نکلنے والے اربعین واک کے شرکاء کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ نیو ملتان میں امام بارگاہ حسینیہ حسن آباد سے نکلنے والی اربعین واک کے شرکاء کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ صدر میں سورج میانی سے نکلنے والی واک کے شرکاء پر مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ گلگشت میں امام بارگاہ شہزادہ علی اکبر، امام بارگاہ علو شاہ والی، اور حیدریہ مسجد سے نکلنے واک کے شرکاء کے خلاف چار مقدمات درج کیے گئے، تھانہ بہائوالدین زکریا میں امام بارگاہ غازی آباد سے نکلنے والی واک کے شرکاء کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

تھانہ شاہ شمس میں نیو سنٹرل جیل سے نکلنے والی واک کے شرکاء کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ دہلی گیٹ میں امام بارگاہ جوادیہ سے نکلنے والی واک کے شرکاء کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ جلال پور میں اربعین واک نکالنے پر دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملتان میں جن اہم شخصیات پر مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی، متولی امام بارگاہ ابوالفضل العباس علمدارسید اسد عباس بخاری، متولی امام بارگاہ حسینیہ حسن آباد سید اقبال مہدی زیدی ایڈووکیٹ، متولی امام بارگاہ شہزادہ علی اکبر ملک مرید عباس پہلوان، مولانا اعجاز بہشتی، مرزا وجاہت علی، جواد جعفری، کمیل زیدی، ناصر کربلائی، حسنین بخاری سمیت دیگر شامل ہیں۔ اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ملتان کے صدر علامہ وسیم معصومی کا کہنا تھا کہ ان مقدمات سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، عزاداری سید الشہداء کی خاطر ہر قربانی کے لیے تیار ہیں، حکومت کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا، حکومت کی جانب سے قائم بے بنیاد مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=37989