6

آئی ایس او کا جمعہ کو ملک گیر سطح پر “یوم نامنظور اسرائیل” منانے کا اعلان

  • News cod : 38051
  • 24 سپتامبر 2022 - 23:58
آئی ایس او کا جمعہ کو ملک گیر سطح پر “یوم نامنظور اسرائیل” منانے کا اعلان
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ پاکستان سے مسلسل اسرائیل کا دورہ کرنے کی خبروں پر سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی کا دیگر رہنماوں غازی نقوی، حسن عارف، تنصیر مہدی اور فخر عباس کے ہمراہ مرکزی دفتر لاہور میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کا اسرائیل کا دورہ کرنا قابل مذمت ہے، یہ دورہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی گھناونی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل پے درپے پاکستانی وفود کی اسرائیل یاترا حکومت کی نااہلی اور حکومت کے اسرائیل کے خفیہ روابط کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کا دورہ کرنیوالے وفد کو غدار قرار دے کر عبرتناک سزا دی جائے، سرزمین مملکت خداداد پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ ہے، آئے روز وفود کی ملاقاتیں اہل فلسطین کے زخمی پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہے۔

زاہد مہدی نے کہا کہ پاکستان آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ پاکستان سے مسلسل اسرائیل کا دورہ کرنے کی خبروں پر سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور ملک میں ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہیں اور قائد اعظم کی بنائی ہوئی فلسطین پالیسی سے ایک حرف بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کے زیراہتمام اتوار کو کراچی اور جمعہ کو ملک بھر میں یوم نامنظور اسرائیل کے تحت ریلیاں نکالی جائیں گی اور نماز جمعہ کے خطبوں میں اسرائیل جانیوالے خیانت کاروں کے چہروں کو عوام کے سامنے آشکار کیا جائے گا۔

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے اہل تشیع بیس صفر المظفر کو عالمی یوم اربعین مناتے ہیں، نجف سے کربلا تین کروڑ زائرین پیدل سفر کرتے ہیں، جو زائرین مشکلات کی وجہ سے عراق کا سفر نہیں کرسکتے، وہ اپنے اپنے شہروں میں مرکزی جلوسوں میں پیدل شریک ہوتے ہیں، گذشتہ دو سال سے لاکھوں عزاداران امام حسینؑ یہ سفر کرتے ہیں، امسال بھی لاہور، ملتان، کراچی، جھنگ، گلگت، بلتستان، کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں عزاداروں نے اربعین واک کی۔ انہوں ںے کہا کہ عزاداروں نے امن و آشتی کا پیغام دیا، مگر افسوس کہ پیدل چلنا بھی جرم بنا دیا گیا اور درجنوں عزاداروں کیخلاف مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ سوال کرتے ہیں کہ کیا ہم پاکستان کے آزاد شہری نہیں ہیں، یا پیدل چلنا جرم ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اربعین امن واک میں شریک عزاداروں کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے۔

زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے گذشتہ ماہ پاکستان میں بدترین سیلاب آیا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، دو کروڑ سے زائد پاکستانی متاثر ہوئے، جن کی بحالی کیلئے آئی ایس او کے شعبہ سکاوٹنگ نے فعال کردار ادا کیا، پاک فوج کے ہمراہ ایسے علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، جہاں پہنچنا محال تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خیمہ بستیاں قائم کی ہیں اور ہزاروں خاندانوں کی محفوظ پناہ کا بندوبست کیا اور ان تک راشن بھی پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ امامیہ سکاوٹس نے ہمیشہ آفت اور وبا میں بے لوث خدمات سرانجام دی ہیں، بطور مسلمان اور محب وطن پاکستانی یہ ہمارا اولین فرض ہے، ہماری کوشش ہے کہ جن کے گھر تباہ ہوئے ہیں، ان کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور آخری فرد کی بحالی تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=38051