وفاق ٹائمز، روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں حضرت امام حسین علیہ السلام، حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر سالانہ جشن کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب اقمار محمدیہ کے جشن میلاد کے سلسلے میں تین دن تک جاری رہے گی۔
اس تقریب کا انعقاد روضہ مبارک حضرت ابا الفضل العباس (ع) کے باب قبلہ کے سامنے واقع صحن میں کیا گیا تھا، جس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ ضیاء الدین، حرم مطہر کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی، کربلا کے گورنر انجینئر نصيف جاسم الخطابي، ڈائریکٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، متعدد شعبہ جات کے سربراہان اور سٹاف، مختلف اداروں کی نمائندگی کرنے والے وفود و شخصیات اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جشن کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے قاری جناب حیدر جلوخان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، اس کے بعد روضہ مقدس کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے شعبہ مذہبی امور کے سربراہ شیخ صلاح الکربلائی نے خطاب کیا اور ان بابرکت مناسبات پر حاضرین کرام اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کی اور عالم اسلام کو ان عظیم و برگزیدہ ہستیوں اور راہ ہدایت کے روشن ستونوں کے اسوہ مبارکہ پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شیخ کربلائی نے کہا “پوری دنیا میں اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والے کربلا کو دیکھتے ہیں، کہ وہاں کیا عمل کیا جاتا ہے؟ اور سرگرمیاں( خوشی اور غم کی ) کیا ہیں؟ اس لئے تمام اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، علمی مدارس، مفکرین، دانشوروں اور خاندانوں کے سربراہان کوان مناسبات و ایام کو منانے کی ثقافت کو فروغ دینا چاہیئے کیونکہ آئمہ اہل بیت علیہم السلام یہی چاہتے تھے۔ اہل بیت علیہم السلام کے مواقع اورمناسبات کا احیاء کرنا ہماری ہدایت و رہنمائی کے اسباب ہیں۔”
اس کے بعد نامور شعراء علی الصفر الکربلائی، کرار الکریطی اور فراس الأسدي نے جشن میلاد کی مناسبت اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور وفاداری پر مشتمل منظوم نذرانہ عقیدت پیش کئے۔ جس کے بعد معروف قصیدہ خواں محمد امیر التمیمی اور یاسر الکربلائی نے جشن میلاد کی مناسبت سے خوبصورت قصیدے پڑھے۔
اس کے بعد مسابقة الولادات الشعبانيّة میں درست جوابات دینے والے شرکاء میں فاتحین کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کی گئی جس کے نتیجے میں دس افراد فاتح قرار پائے۔ یہ مقابلہ شعبہ مذہبی امور اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔












