11

حجت الاسلام غضنفر علی حیدری کے مختصر حالات زندگی

  • News cod : 45412
  • 09 مارس 2023 - 13:07
حجت الاسلام غضنفر علی حیدری کے مختصر حالات زندگی
حجت الاسلام غضنفر حیدری نے حوزہ علمیه قم کے مایہ ناز اساتذہ جیسے آیت اللہ جعفر سبحانی، آیت اللہ وحید خراسانی، آیت اللہ لنکرانی، آیت اللہ جواد تبریزی، آیت اللہ مکارم شیرازی، آیت اللہ نوری ہمدانی، آیت اللہ جواد آملی اور آیت اللہ جعفر پیشہ سے کسب فیض کیا۔

وفاق ٹائمز، حجت الاسلام غضنفر علی حیدری صوبۂ پنجاب ضلع لیہ پاکستان میں پیدا ہوئے۔
آبائی گاؤں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد، مدرسہ باب العلوم ملتان میں داخلہ لیا اور دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مروجہ تعلیم بھی حاصل کرتے رہے۔ آپ نے پاکستان میں قبلہ یار شاہ کے شاگرد خاص سید رضی عباس ہمدانی سے کسب فیض کیا، سید رضی عباس ہمدانی مدرسه باب العلوم کے پرنسپل تھے۔
1988ء کے آغاز میں بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی میں ایم اے کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے داخلہ لیا، 1990ء میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور مدرسہ شہید مطہری میں بطور استاد تدریس شروع کی اور دوران تدریس آپ نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا۔ امتحان کے فوراً بعد، اعلیٰ دینی علوم کے حصول کیلئے حوزه علمیه قم کی عظیم درسگاہ مدرسه حجتیہ میں داخلہ لیا۔
موصوف نے پبلک کمیشن سروس کے امتحان میں کامیاب قرار پانے کے باوجود حوزه علمیه قم میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔
موصوف نے قم میں زیر تعلیم رہنے کے اسباب کے بارے میں سوال پر کہا کہ حوزه علمیه قم میں داخلہ لینے کے دو اسباب تھے۔ ایک یہ کہ یونیوسٹی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سرگرم رکن اور امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی شخصیت سے بہت زیادہ متاثر تھا اور ان اسباب کے علاؤہ میں نے تھیسز ابن سینا پہ لکھا تھا اور شہید مطہری کے آثار کا بہت زیادہ مطالعہ کرتا تھا، لہٰذا یہ چیزیں، میرے لئے قم المقدسہ کی عظیم درسگاہ میں رہنے میں مددگار ثابت ہوئیں۔
حجت الاسلام غضنفر حیدری نے حوزہ علمیه قم کے مایہ ناز اساتذہ جیسے آیت اللہ جعفر سبحانی، آیت اللہ وحید خراسانی، آیت اللہ لنکرانی، آیت اللہ جواد تبریزی، آیت اللہ مکارم شیرازی، آیت اللہ نوری ہمدانی، آیت اللہ جواد آملی اور آیت اللہ جعفر پیشہ سے کسب فیض کیا۔
موصوف تقریباً 28 سال سے تدریس کے عظیم فرائض انجام دے رہے ہیں۔
آپ نے سترہ سال پہلے مدرسہ الامام علی میں بطور استاد تدریس کا آغاز کیا اور اب مدرسه ہذا میں پڑھانے میں مصروف عمل ہیں اور گزشتہ چار سال سے تشنگانِ علوم و معارف اہل بیت علیہم کی علمی پیاس بجھانے کیلئے درس خارج دینے میں مصروف ہیں۔
حجت الاسلام غضنفر حیدری وفاق المدارس الشیعہ پاکستان شعبۂ قم کے جنرل سیکرٹری، ڈی جی خان ڈویژن قم کے سرپرست، 2004ء سے 2008ء تک دفتر تحریک جعفریہ پاکستان شعبۂ قم کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔
مدرسه امام علی علیہ السلام کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ اور 2009ء سے پرنسپل کے عہدے پر فائز ہیں۔
موصوف کی زیر نگرانی پاکستان میں بھی مدارس کے تعمیراتی کام جاری ہیں اور اب تک 6 کمروں پر مشتمل ایک دینی درسگاہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
یہ مدرسہ جامعہ العباس کے نام سے ملتان سٹی میں ہے اور کم وقت میں 30 طالبعلم علوم حاصل کر رہے ہیں اور دو اساتذہ تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ یہ مدرسہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے رجسٹرد ہے۔
ایک سوال کے جواب میں، موصوف کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں کئی حوزه ہائے علمیه قائم ہونے چاہئیں اور پاکستان میں ہی درس خارج کا نظام قائم ہونا چاہیئے۔ یہ حوزه ہائے علمیه وفاق المدارس کی سرپرستی میں یا پھر کسی بھی بزرگ کی سرپرستی میں قائم ہوں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=45412