وفاق ٹائمز ، اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام سے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ”القدس واک” کا اہتمام کیا گیا۔
القدس واک کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور ڈاکٹر معاذ سعید نے کی۔ واک میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ القدس واک گورنمنٹ سائنس کالج سے شروع ہوئی جبکہ بھیکے وال موڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز اٹھا کر فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کی بھرپور مذمت کی۔
اس موقع پر ناظم لاہور ڈاکٹر معاذ سعید کا کہنا تھا کہ قبلہ اول ہمارے نبی(ص) کی نشانی اور ان کی امانت ہے، جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف فلسطین کا مسئلہ نہیں، بلکہ اُمت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ ڈاکٹر معاذ سعید کا کہنا تھا کہ قبلہ اول کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، قبلہ اول کی آزادی صرف فلسطین کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، فلسطین امت مسلمہ کی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی جارحیت سے باز رہے، وہ وقت قریب ہے جا ناجائز ریاست کا خاتمہ ہو جائے گا۔












