وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے گلگت بلتستان کی سیاسی شخصیات نے اہم ملاقات کی اور گلگت بلتستان کے مسائل کے حوالے سے قائد محترم کو بریفنگ دی۔
ملاقات کرنے والے سیاسی شخصیات میں گلگت بلتستان کے سابق گورنر راجہ جلال حسین مقپون، وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ راجہ ناصر، سابق وزرا راجہ محمد اعظم خان اور وزیر محمد سلیم شامل تھے۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد علی قائد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سیاسی شخصیات نے محسن ملت شیخ محسن علی نجفی کی رحلت پر قائد محترم کو تعزیت پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے عوامی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا اور مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غوروخوص ہوا۔ سیاسی شخصیت نے ملک بھر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی حفظہ اللہ کی اتحاد بین المسلمین ،عوامی مسائل کے حل اور مثبت سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور گلگت بلتستان کی موجودہ اور آئندہ سیاسی صورتحال پر رہنمائی حاصل کرتے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔












