وفاق ٹائمز، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کوئٹہ میں بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماء کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہید کے گھر والوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کی ہے، حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہید ہونے والے ہزارہ شیعہ برادری کے حاجی رمضان علی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، حاجی رمضان علی کا شمار ہزارہ ٹاؤن کے ان سرکردہ رہنماؤں میں سے تھا، جو مذہبی، سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔
اگر ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جاتا تو یہ افسوس ناک واقعات رک جاتے، اربابِ اختیار کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، دلخراش واقعات کی روک تھام کیلئے ملوث عناصر کی بیخ کنی کی جائے، منظم حکمت عملی اور لائحہ عمل سے دہشت گردوں کا سرپرستوں سمیت قلع قمع کیا جائے، تاکہ قیمتی جانوں کے نقصان سے بچا جا سکے۔