21

تشکل امام المنتظر (عج) کے زیر اہتمام عظیم الشان اور روح پرور محفل کا انعقاد

  • News cod : 60225
  • 15 فوریه 2025 - 7:51
تشکل امام المنتظر (عج) کے زیر اہتمام عظیم الشان اور روح پرور محفل کا انعقاد
محفل میں علمی و فکری سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ "ڈھائی سو سالہ انسان" کتاب کے منتخب ابواب پر مبنی ایک علمی کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، تشکل امام المنتظر (عج) کے زیر اہتمام 15 شعبان المعظم کو امامِ زمانہ (علیہ السلام) کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان اور روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت اجتماع میں عاشقانِ امام (عج) کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور امامِ عصر (علیہ السلام) کی محبت میں سرشار اس روحانی محفل کو مزید پرکیف بنایا۔

محفل کا آغاز برادر فرزان حیدر کی خوبصورت اور روح پرور تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے محبتِ امامِ زمانہ (عج) میں منقبت بھی پیش کی۔ بعد ازاں برادر خضر عباس اور اشتر عباس نے والہانہ انداز میں منتخب اشعار پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کے دلوں کو عشقِ اہل بیت (علیہم السلام) کی روشنی سے منور کر دیا۔

اس پرجوش اور روحانی محفل کی نظامت برادر تصور حسین نے نہایت خوبصورت انداز میں انجام دی۔

محفل میں علمی و فکری سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ “ڈھائی سو سالہ انسان” کتاب کے منتخب ابواب پر مبنی ایک علمی کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح حاضرینِ محفل، بالخصوص طلاب کرام سے مدیر تشکل سید عمار حیدر زیدی نے سوالات پوچھے اور درست جوابات دینے والوں کو انعامات سے نوازا۔

محفل کی رونق کو مزید بڑھانے کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب خوش نصیبوں میں تبرکات تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء کے لیے “بکسِ مہدوی” بھی پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے نہایت محبت اور عقیدت سے قبول کیا۔

یہ ہماری سعادت رہی کہ اس بابرکت اجتماع میں مدیر محترم سید حسن نقوی صاحب، نائب مدیر امان اللہ جعفری صاحب، مدیر گروہ علمی حسین نجفی صاحب اور مسئول آموزش غلام رضا شاکری صاحب نے بھی شرکت کی، جن کی موجودگی نے محفل کو مزید جِلا بخشی۔

محفل کے اختتام پر محترم قبلہ سید شجاعت علی زیدی صاحب نے بصیرت افروز ولائی خطاب کیا، جس میں انہوں نے انتظارِ امام (علیہ السلام) کی حقیقت، اس کی عملی شکل، اور منتظرین کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا خطاب سن کر حاضرین کے دلوں میں معرفتِ امام (علیہ السلام) کی روشنی مزید بڑھ گئی۔

یہ محفل ایک روحانی ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچی، جہاں شرکاء نے دعائے فرج کی اجتماعی تلاوت کی اور اللہ تعالیٰ سے امامِ زمانہ (علیہ السلام) کے ظہور میں تعجیل کی دعا کی۔

تشکل امام المنتظر (عج) کی جانب سے تمام عاشقانِ امامِ عصر (عج) کا شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے اس محفل میں شرکت کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کیا اور اس بابرکت اجتماع کو کامیاب بنایا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو امامِ زمانہ (علیہ السلام) کے حقیقی منتظرین میں شامل فرمائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=60225

ٹیگز