15

ایئرچیف مارشل سے کمانڈر ترک فضائیہ کی ملاقات

  • News cod : 61588
  • 03 سپتامبر 2025 - 20:46
ایئرچیف مارشل سے کمانڈر ترک فضائیہ کی ملاقات
ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اوغلو کی قیادت میں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اوغلو کی قیادت میں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر وفدکا پرجوش انداز میں استقبال کیا گیا اور پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے ترک فضائیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا- ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال، جاری دفاعی تعاون میں پیش رفت اور جدید جنگ کے نئے شعبوں میں مشترکہ شمولیت کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی عقائد، مشترکہ امنگوں اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو دونوں ممالک کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترک کیڈٹس کے پہلے گروپ کی پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں تربیت کے لیے آمد دونوں فضائی افواج کے برادرانہ تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو باہمی

اعتماد اور آئندہ نسل کے فضائی جنگجوؤں کی تیاری کے مشترکہ وژن کو اجاگر کرتا ہے۔

دونوں کمانڈرز نے مشترکہ تربیت، باہمی مشقوں اور کثیر الجہتی آپریشنز پر خصوصی توجہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ضیا جمال قادی اوغلو نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران ایئر چیف کی بصیرت افروز قیادت میں پاک فضائیہ کی شاندار آپریشنل کارکردگی کو سراہا اور قومی خودمختاری کے پرعزم دفاع اور ہمہ وقت تیاری کی داد دی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=61588

ٹیگز