کولمبیا کے صدر گوسٹاوو پیٹرو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنی تقریر میں گلوبل جنوب کے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کی آزادی اور امریکہ اور نیٹو کی حمایت یافتہ “ظلم و جبر” کے خلاف ایک بین الاقوامی فوجی طاقت تشکیل دیں۔ ان تقریر کے دوران امریکی وفد نے اجلاس چھوڑ دیا۔
پیٹرو نے اجلاس میں موجود شرکاء سے کہا: ہمیں ان ممالک کی ایک طاقتور فوج درکار ہے جو قتل عام کو قبول نہیں کرتے۔ اسی لیے میں دنیا کے تمام ممالک اور قوموں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انسانیت کے ایک لازمی حصے کے طور پر سب سے پہلے ہتھیار اور فوجی دستے اکٹھے کریں۔ ہمیں فلسطین کو آزاد کرانا ہوگا۔
پیٹرو نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن اور نیٹو جمہوریت کو مار رہے ہیں اور عالمی پیمانے پر آمریت اور کلیت پسندی کو دوبارہ زندہ کر رہے ہیں، اور انہوں نے آزادی یا موت کے پرچم کو بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں ان کے بقول امن اور امید کی سفید رنگت شامل ہونی چاہیے۔












