5

آبادکاروں کے مظالم، زرعی مکانات کی مسماری، فصلوں کی تباہی اور درجنوں مویشیوں کی لوٹ مار

  • News cod : 64168
  • 10 می 2026 - 17:44
آبادکاروں کے مظالم، زرعی مکانات کی مسماری، فصلوں کی تباہی اور درجنوں مویشیوں کی لوٹ مار
کفر ثلث کے میئر جہاد عودہ نے بتایا کہ انتہا پسند آبادکاروں نے ایک بلڈوزر کے ہمراہ عرب الخولی بستی پر دھاوا بولا اور الخولی و مقبل خاندانوں کی ملکیت 50 زرعی کمرے منہدم کر دیے۔ یہ کمرے پتھروں، لوہے اور ٹین کی چادروں سے بنے ہوئے تھے جو تقریباً 30 دونم زرعی رقبے پر قائم تھے۔

قابض اسرائیلی آبادکاروں نے قلقیلیہ شہر کے جنوب میں واقع قصبے کفر ثلث کے مشرق میں عرب الخولی نامی بستی میں درجنوں رہائشی مکانات اور زرعی کمرے مسمار کر دیے جبکہ شمالی اغوار کے علاقے الحمہ میں آبادکاروں کے مویشیوں نے وسیع رقبے پر پھیلی فصلوں کو روند کر تباہ کر دیا۔ یہ کارروائیاں فلسطینی کسانوں اور ان کی زمینوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بڑھتے ہوئے سلسلے کا حصہ ہیں۔

کفر ثلث کے میئر جہاد عودہ نے بتایا کہ انتہا پسند آبادکاروں نے ایک بلڈوزر کے ہمراہ عرب الخولی بستی پر دھاوا بولا اور الخولی و مقبل خاندانوں کی ملکیت 50 زرعی کمرے منہدم کر دیے۔ یہ کمرے پتھروں، لوہے اور ٹین کی چادروں سے بنے ہوئے تھے جو تقریباً 30 دونم زرعی رقبے پر قائم تھے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نشانہ بنائی گئی زمینیں مجموعی طور پر 1700 دونم رقبے کا حصہ ہیں جہاں زیتون کے قدیم درخت اور گندم کی فصلیں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسماری کی ان کارروائیوں اور فصلوں کی تباہی سے کسانوں کو لاکھوں شیکل کا نقصان پہنچا ہے۔

عودہ نے مزید بتایا کہ عرب الخولی بستی کو گذشتہ عرصے میں آبادکاروں کی جانب سے مسلسل حملوں، جسمانی تشدد اور ہراساں کیے جانے کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے کئی خاندان نقل مکانی کر کے قریبی قصبے کفر ثلث منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے۔ تاہم یہ کسان بستی میں رہائش نہ رکھنے کے باوجود اپنی زمینوں سے وابستہ ہیں اور روزانہ وہاں کام کرنے کے لیے جاتے ہیں۔

قلقیلیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر میں کسانوں کی خدمات کے شعبے کے سربراہ بشار شواہنہ نے کہا کہ یہ علاقہ انتہائی زرخیز زمینوں پر مشتمل ہے جہاں کے باسی گذشتہ 80 سال سے زائد عرصے سے زراعت اور گلہ بانی کو اپنے رزق کا ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبادکاروں کے پے در پے حملوں کی وجہ سے اس بستی میں فلسطینیوں کی موجودگی بہت کم رہ گئی ہے اور اب سنہ 1948ء سے آباد 25 خاندانوں میں سے صرف 10 خاندان وہاں باقی بچے ہیں۔

شواہنہ نے زور دے کر کہا کہ ان ممارسات کا مقصد کسانوں کو تنگ کر کے انہیں اپنی زمینیں چھوڑنے پر مجبور کرنا ہے تاکہ فلسطینیوں کے زرعی وجود کو ختم کر کے زمین پر غاصبانہ قبضے کے نئے حقائق مسلط کیے جا سکیں۔

عرب الخولی بستی کا محاصرہ آٹھ صہیونی بستیاں کر رہی ہیں جن میں شمال سے معالی شومرون اور شافیہ شومرون، مشرق سے ایل متان اور جنات شومرون جبکہ جنوب سے نوییم، یکیر، عمانوئیل اور کارنی شومرون شامل ہیں۔ اس بستی کے مکینوں کے لیے مغرب میں کفر ثلث کی جانب جانے والا راستہ ہی واحد راستہ بچا ہے۔

مویشیوں کی چوری

رام اللہ میں قابض اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسط میں واقع گاؤں کفر مالک کے مشرق میں ایک فلسطینی کی فارم سے تقریباً 80 بھیڑیں چوری کر لیں۔

فارم کے مالک مصطفیٰ ابراہیم ربیع نے بتایا کہ آبادکار رات کی تاریکی میں باڑے میں گھسے اور 80 بھیڑیں چرا کر قریبی صہیونی بستی کی طرف لے گئے۔

ربیع نے بتایا کہ وہ صبح یہ دیکھ کر حیران رہ گئے اور جب انہوں نے مویشیوں کے پیروں کے نشانات کا پیچھا کیا تو تصدیق ہوئی کہ وہ قریب ہی واقع آبادکاروں کی چوکی میں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صبح کے وقت دو بھیڑیں خود ہی وہاں سے نکل کر باڑے میں واپس آ گئیں۔

ربیع نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہیں اس طرح کی لوٹ مار کا سامنا کرنا پڑا ہو بلکہ گذشتہ برس اگست کے مہینے میں بھی آبادکاروں نے ان کے فارم سے 100 بھیڑیں چوری کی تھیں جن میں سے وہ ایک بھی واپس حاصل نہ کر سکے۔

انہوں نے اپنے نقصان کو ناقابل تلافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا ذریعہ معاش ہے اور ان نقصانات کا ازالہ کرنے والا کوئی نہیں ہے۔

کسان نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ انہیں آبادکاروں کی جانب سے مسلسل حملوں کا سامنا ہے جو جان بوجھ کر فلسطینی دیہاتوں کے باسیوں پر حملے کرتے ہیں، ان کی زمینوں کو بلڈوز کرتے ہیں اور مویشی چرا لیتے ہیں۔

شمالی اغوار میں مقامی ذرائع نے بتایا کہ آبادکاروں نے الحمہ کے علاقے میں فلسطینیوں کے کھیتوں میں اپنے مویشی چھوڑ دیے جس سے تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچا اور وسیع رقبہ تباہ ہو گیا۔

شمالی اغوار کے علاقے کو بار بار اس طرح کے حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے خاص طور پر فصلوں کی کٹائی اور پھل توڑنے کے سیزن میں فلسطینی کسانوں اور ان کی املاک پر آبادکاروں کی سفاکیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64168

ٹیگز