35

لاہور، مال روڈ پر ’’اسرائیل مسترد‘‘ ریلی، شرکاء کے اسرائیل مردہ باد کے نعرے

  • News cod : 770
  • 21 آگوست 2020 - 20:02
لاہور، مال روڈ پر ’’اسرائیل مسترد‘‘ ریلی، شرکاء کے اسرائیل مردہ باد کے نعرے

حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر […]


حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر ناصر باغ سے مردہ باد اسرائیل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ ریلی میں خواتین، بچوں، جوانوں اور بزرگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں کا کہنا تھا کہ یو ای اے کی جانب سے صیہونی ناجائز ریاست اسرائیل کیساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری فلسطینی مسلمانوں کی امنگوں کی کمر میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے، جو بھی مسلم ملک فلسطینی عوام کیخلاف ظلم و ستم کرنے پر حوصلہ افزائی کرے گا وہ مسلمانوں کا خائن اور غدار تصور کیا جائے گا کیونکہ اسرائیل کیساتھ تعلقات کی برقراری صرف فلسطینیوں کے نقصان میں نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کیساتھ معاہدہ کرکے گویا بیت المقدس کی آزادی سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے اور ان لاکھوں فلسطینی مجاہدین کے خون کو فراموش کر دیا ہے جنہوں نے قبلہ اول کی آزادی کیلئے شہادتوں کے نذرانے پیش کئے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنا در حقیقت یہ عربوں کیلئے ہی نہیں عالم اسلام کیلئے تباہی کا معاہدہ ہے، جس سے امت کے اندر تفریق و تقسیم گہری ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی اور نیتن یاہو دونوں ایک ہی جیسے جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں، لہذا اگر ہمیں کشمیر کی جدوجہد آزادی جاری رکھنی ہے تو پھر فلسطین کی جدوجہد آزادی بھی جاری رکھنا ہوگی اور اس کی حمایت کرنے کیساتھ ساتھ اسرائیل نامنظور پالیسی کو جاری رکھنا ہوگا۔ مقررین نے یو اے ای اور دیگر مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صہیونیت کے آلہ کار مت بنیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے فلسطین کے حوالے سے واضح پالیسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پہ او آئی سی کا اجلاس طلب کرے اور متحدہ عرب امارات کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جس کو کسی طور بھی تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عرب حکمران اپنی بادشاہتیں بچانے کیلئے فلسطینی کاز کو داو پر لگا رہے ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرے اور اس اجلاس میں مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر او آئی سی اس معاملے میں لیت و لعل سے کام لیتی ہے تو پاکستان او آئی سی سے علیحدگی کا اعلان کر دے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=770

ٹیگز