وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ و پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ متحدہ علماء بورڈ نے ملک کے اندر بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے بھرپور اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے صحت سہولت کارڈ کیلئے علماء کرام، مشائخ عظام، موذن، آئمہ و خطباء اور مدارس عربیہ کے اساتذہ کیلئے خصوصی اہتمام پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ملک بھر میں بالعموم اور صوبہ پنجاب میں بالخصوص پیغام پاکستان امن کمیٹیوں کی تشکیل کا کام شروع کر دیا گیا ہے، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی اسی وقت ہو گی جب مقامی سطح سے مرکز تک مکالمہ اور رواداری کو فروغ ملے گا۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری،مولانا راغب نعیمی، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری، محترمہ نیرہ عندلیب،مولانا عثمان افضل قادری، مولانا ظفر اللہ شفیق، مولانا عبد الوہاب روپڑی، مولانا محمد حسین اکبر، علامہ عارف حسین واحدی، مولانا حسان نقیب الرحمن، پیر راشد شمیم، مولانا محمد خان لغاری، مولانا سرفراز احمد خان، ڈاکٹر شاہدہ پروین، مولانا ذاکر الرحمٰن، ڈاکٹر صائمہ فاروق، محترمہ سائرہ بانو اور دیگر بھی شریک تھے۔












