16

امام علیؑ کا عدل و انصاف تمام اقوام عالم، تہذیبوں اور حکومتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، علامہ راجہ ناصر عباس

  • News cod : 53224
  • 25 ژانویه 2024 - 16:40
امام علیؑ کا عدل و انصاف تمام اقوام عالم، تہذیبوں اور حکومتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
علیؑ کی پوری زندگی سیرت پیغبر ص کی آئینہ دار زندگی ہے، جس کا ایک ایک پل ویسے ہی گزرا جیسے ذات خدا کو مطلوب تھا۔

وفاق ٹائمز، 13 رجب المرجب 23 قمری ہجری مولود کعبہ، شیر خدا، مولائے کائنات، جانشین پیغمبر اکرم ص، فاتح خیبر و خندق، امام المتقین، امیرالمومنین حضرت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام عالم بشریت و عالم اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپؑ کی ولادت کا دن تمام مسلمانوں بلکہ تمام مظلوموں، عدالت پسندوں اور حریت پسندوں کے لیے عید کا دن ہے اور عظیم الشان عید کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ درس کا دن بھی ہے، اس دن ہم امام المتقین امام علی علیہ السلام کی پاکیزہ و نورانی زندگی سے درس لیتے ہوئے یہ عہد کریں کہ ہماری زندگی راہ علیؑ پر گزرے گی، علیؑ کی پوری زندگی سیرت پیغبر ص کی آئینہ دار زندگی ہے، جس کا ایک ایک پل ویسے ہی گزرا جیسے ذات خدا کو مطلوب تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام علی علیہ السلام کا عدل و انصاف تمام اقوام عالم، تہذیبوں اور حکومتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اگر قوموں میں عدالت و مساوات ناپید ہو جائے تو ترقی سے تنزلی کا سفر شروع ہو جاتا ہے، آپؑ کی برگزیدہ ہستی تمام انسانوں، معاشروں اور ثقافتوں کے لیے منبع رشد و ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؑ کی فداکاریاں اور قربانیاں اپنی بلندی اور عروج پر نظر آتی ہیں، امیرالمومنینؑ نے اسلام، پیغمبرِ اکرم کی جان کی حفاظت اور اسلامی امت کے شرف اور عظمت کے لیے بے انتہاء قربانیاں دیں، ایسی قربانیاں جو انسانی طاقت سے بالاتر تھیں، اگر ہم اپنے وطن عزیز کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو پھر حضرت علیؑ کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بنانا ہوگا، حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے عادلانہ نظام حکومت کا قیام ناگزیر ہے، ملک و ملت کے وسیع تر مفاد میں صبر و تحمل اور حکمت و دانائی کیساتھ فیصلے لینا وقت کی اشد ضرورت ہے اور یہی حضرت علیؑ، تمام آئمہؑ سمیت اصحاب رسول اکرم ص کی تعلیمات بھی ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=53224

ٹیگز