مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عزائے امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی و آئینی حق ہے۔ عزاداری، مجالس عزاء اور جلوس عزاداری میں کسی بھی قسم کی رکاؤٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں انجمن سپاہ علی اکبر علیہ السلام کی جانب سے حویلی سید شیر شاہ بخاری پر شہر کی انجمنوں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود ڈومکی، انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان شاہ بخاری اور سید راجہ ریاض علی شاہ نے خطاب کیا۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، بزرگ رہنماء سید لعل شاہ بخاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ محرم تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے اصحاب باوفا کے ساتھ یزیدی سلطنت کو عبرتناک شکست دی۔ ملک بھر میں عاشقان اہل بیت شیعہ اور سنی مسلمان مل کر نواسہ رسول امام عالی مقام علیہ السلام کا غم مناتے ہیں۔ حکومت ملک بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی، انسانی اور آئینی حق ہے۔ ملک بھر میں کہیں بھی عزاداری، مجالس عزاء اور جلوس عزاداری میں کسی بھی قسم کی رکاؤٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ میں جس خوش اسلوبی سے ملت کی ترجمانی کی ہے اس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید احسان علی شاہ بخاری نے کہا کہ انجمن بزم حسین اور ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد نے اپنے حق کے لئے جو جدوجہد کی وہ لائق تحسین ہے۔












