وفاق ٹائمز ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی خصوصی کاوشوں اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد ائیر ایمبولینس آئندہ ایک دو روز میں زہراء اکیڈمی پاکستان کی جانب سے ادویات کی بڑی کھیپ لیکر پارا چنار پہنچ رہی ہے، جہاں مریضوں کے لیے ادویات کو باہم پہنچانے کے علاوہ وہاں سے مریضوں کو پشاور لانے کے فرائض بھی انجام دے گی۔ ادویات کی فراہمی کے موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے صحافوں سے گفتگو میں کہا کہ ضلع کرم میں امن و امان کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا ثمرآور ہونا ناگزیر ہے اور مکمل قیام امن تمام پاکستانیوں کے لیے نیک شگون ہوگا۔
انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ملک بھر کی طرح ضلع کرم میں امن و امان برقرار رہے اور اتحاد و وحدت کے ذریعے امت مسلمہ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی نے امن و امان کے قیام کی خصوصی کاوشوں کی طرح وہاں کی عوام کی طبی امداد کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے، جس کے باعث آئندہ ایک دو روز میں ائیر ایمبولینس ادویات کی کھیپ پارا چنار لے کر جائے گی۔












