صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف زرداری نے عید الفطر 1446 ھ بمطابق 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر پر دلی مبارک باد دیتا ہوں، خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے، رمضان المبارک میں ہم قربِ الہٰی حاصل کرنے، اپنے کردار کو سنوارنے اور نیکیوں میں سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہی، یہ مہینہ ہمیں صبر، برداشت، عبادت اور غریبوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم رمضان المبارک میں حاصل کردہ اس تربیت کو اپنی روزمرہ زندگی میں نافذ کریں اور اپنی عملی زندگی میں بھی اخلاص، ایمان داری اور محبت کے جذبات کو برقرار رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے جو معاشی مشکلات کا شکار ہیں، اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے میں ہے اور ہمیں چاہیے کہ زکوٰۃ، صدقات اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں تاکہ کوئی بھی ضرورت مند عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں اتحاد اور یک جہتی کا بھی درس دیتا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور پاکستان کو ترقی و خوش حالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوش حال ریاست کے طور پر ابھرے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس موقع پر میں اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے اور پاکستان کو امن اور خوش حالی کی راہ پر ڈال دے۔ آمین!












