پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سنگین، دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہے اور دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا ایک بڑا ریلا تریموں ہیڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسی طرح دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
پنجاب پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک لاہور سمیت مختلف اضلاع سے دو لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے متاثرہ علاقوں سے دو لاکھ 97 ہزار سے زائد مویشی بھی نکالے۔
محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مطابق صوبے بھر میں 510 شاہراہوں کے سیکشن اور 64 پل سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 50 سے زائد سڑکیں اور 40 پل بحال کر دیے گئے ہیں












