1

حضرت امام محمد باقر نے علوم الٰہی کی ترویج کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں، مولانا ڈاکٹر سید محمد نجفی

  • News cod : 64191
  • 23 می 2026 - 17:26
حضرت امام محمد باقر نے علوم الٰہی کی ترویج کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں، مولانا ڈاکٹر سید محمد نجفی
جامعہ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ امام باقر علیہ السلام کی امامت کے دوران باغ فدک اہل بیت اطہار ؑکو واپس ہوا، امام علیؑ پر کیا جانے والا سب و شتم بند کروایا گیا، آپ شکل و صورت اور خلق میں حضور سرور کائنات سے مشابہ تھے، عظیم اسلامی مفکر شہید مرتضیٰ مطہری فرماتے ہیں دینی معاملات میں لوگوں کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے، اپنے کام کے ساتھ مخلص ہو کر فقط اللہ کے لیے کام سر انجام دینے چاہیئں۔

جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعة المنتظر ماڈل ٹاون میں مولانا ڈاکٹر سید محمد نجفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں تاجدار امامت حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے علوم الٰہی کی ترویج کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ آپ 7 ذوالحجہ کو57 سال کی عمر میں شہید ہوئے۔ باقر العلوم کے نام سے مشہور امام کے بہت مشہور شاگرد ہیں۔ آپ شکل و صورت اور خلق میں حضور سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مشابہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ امام باقر علیہ السلام کی امامت کے ابتدائی سالوں میں حضرت عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ عنہہ کی حکومت نے باغ فدک اہل بیت اطہار ؑکو واپس کر دیا اور امیرالمومنین امام علی علیہ السلام پر کیا جانیوالا سب وشتم بھی بند کروایا گیا۔

انہوں نے کہا امام باقر علیہ السلام کے والد گرامی حضرت امام زین العابدین اور والدہ فاطمہ بنت امام حسن ہیں، جن کا لقب صدیقہ ہے۔ ڈاکٹر سید محمد نجفی نے کہا امام جعفر صادق علیہ السلام کا فرمان ہے کہ ان کے والد گرامی امام محمد باقر ہر وقت ذکر خدا میں مشغول رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اگر مرد اچھا اور خوبصورت لباس پہنے گا تو اللہ تعالی ٰان کی خواتین کی عزت و عفت میں اضافہ فرمائے گا۔ عظیم اسلامی مفکر شہید مرتضیٰ مطہری فرماتے ہیں دینی معاملات میں لوگوں کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے، اپنے کام کے ساتھ مخلص ہو کر فقط اللہ کے لیے کام سر انجام دینے چاہیئں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64191

ٹیگز