واقعۂ غدیر کے اعتقادی اور تمدنی پہلوؤں کا درست ادراک، اسلامی معاشرے میں امامت، عدل اور اجتماعی ہدایت کے تصورات کو نئی معنویت عطا کرتا ہے اور ان کی فکری بنیادوں کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
دین و عقیدہ ڈیسک، عیدِ غدیر خم اسلامی کلینڈر میں اہم ترین دینی ایام میں سے ایک ہے۔ یہ ایسا واقعہ ہے جو مسلمانوں کی تاریخ میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور صدیوں سے علما، محدثین، متکلمین اور دینی مفکرین کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ غدیر صرف ایک تاریخی واقعے کی یاد نہیں، بلکہ یہ ہدایت کے تسلسل، ولایت کے مقام، دینی مرجعیت اور امتِ مسلمہ کی سماجی ذمہ داری کے بارے میں بنیادی پیغامات کا حامل ہے۔
اس مناسبت پر وسیع پیمانے پر مذہبی تقریبات اور عوامی جشن منائے جانے کے باوجود، غدیر کی معرفتی اور تجزیاتی بنیادوں پر ازسرِنو نگاہ آج کی ایک اہم ضرورت ہے؛ ایسی نگاہ جو اس واقعے کو محض ایک واقعے کی سطح سے بلند کرکے اس کے پیغامات کو آج کے معاشرے کی فردی، سماجی اور ثقافتی زندگی میں جاری و ساری کر سکے۔ غدیر کے تاریخی شواہد، خطبۂ غدیر کے کم زیرِ بحث آنے والے مضامین اور اس واقعے کا مسئلۂ امامت سے تعلق، ان موضوعات میں شامل ہیں جو اس عظیم واقعے کی گہری تفہیم فراہم کر سکتے ہیں۔
حوزہ علمیہ کے معروف استاد حجة الاسلام علی حسنلو سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے اس گفتگو میں واقعۂ غدیر کے اہم تاریخی شواہد کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے اعتقادی اور تمدنی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی اور غدیر کے بارے میں محض رسمی و مناسکی نقطۂ نظر سے آگے بڑھ کر معرفتی نقطۂ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ذیل میں اس گفتگو کا متن پیش کیا جاتا ہے:
تاریخی منابع کی نظر میں واقعۂ غدیر کے اہم ترین شواہد اور مستندات کون سے ہیں؟
حجت الاسلام حسنلو: واقعۂ غدیر ان تاریخی واقعات میں سے ہے جو تاریخِ اسلام میں کسی ایک روایت یا ایک ہی گزارش تک محدود نہیں رہے، بلکہ حدیثی، تاریخی اور تفسیری منابع کی ایک وسیع تعداد میں نقل ہوئے ہیں۔ نقل و روایت کی یہی وسعت اس بات کا سبب بنی ہے کہ غدیر ان واقعات میں شمار ہوتا ہے جو اپنے اصل وقوع کے اعتبار سے مضبوط تاریخی اور روائی پشت پناہی رکھتے ہیں۔ اس کی اہمیت اس لحاظ سے بھی ہے کہ غدیر صرف کسی ایک مخصوص گروہ کی روایات تک محدود نہیں رہا، بلکہ مختلف اسلامی مصادر میں اس کا ذکر موجود ہے، جس سے اس کی تاریخی حیثیت مزید مستحکم ہوتی ہے۔
غدیر کے اہم ترین شواہد میں سے ایک، حجۃ الوداع سے واپسی کے موقع پر غدیرخم کے مقام پر رسول اکرمؐ کے خطبے سے متعلق روایات ہیں۔ یہ گزارشات معروف حدیثی کتابوں میں نقل ہوئی ہیں اور مشہور جملہ مَنْ کُنْتُ مَوْلَاہُ فَہٰذَا عَلِیٌّ مَوْلَاہُ ان روایات کا مرکزی حصہ ہے۔ یہی جملہ غدیر کے بارے میں تاریخی اور کلامی استدلالات کی بنیاد رہا ہے، اور متعدد مسلم علماء نے اس کی سند، مفہوم اور بیان کے پس منظر پر تفصیلی بحث کی ہے۔ روایات کی یہ کثرت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ واقعہ مسلمانوں کی تاریخ میں ایک نمایاں اور مضبوط مقام رکھتا ہے۔
اہلِ سنت کے منابع میں اس واقعے کا ذکر کس طرح آیا ہے؟
حجت الاسلام حسنلو: اہلِ سنت کے منابع میں حدیثِ غدیر مسند احمد بن حنبل، سنن ترمذی، سنن نسائی اور بعض تاریخی و مناقب کی کتابوں میں نقل ہوئی ہے۔ اسی طرح متعدد محدثین اور مورخین نے مختلف اسناد کے ساتھ اس واقعے کو روایت کیا ہے۔ روایت کے یہ متعدد طریقوں سے محققین کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ جب کوئی واقعہ مختلف ذرائع اور متعدد راویوں کے ذریعے نقل ہو تو اس کے من گھڑت ہونے کا احتمال بہت کم ہو جاتا ہے اور اس کی تاریخی مضبوطی مزید نمایاں ہو جاتی ہے۔
شیعہ مصادر میں بھی غدیر کو نہایت ممتاز مقام حاصل ہے۔ الکافی، الاحتجاج، امالی اور دیگر متاخر حدیثی و تاریخی مجموعوں میں اس موضوع پر تفصیلی گفتگو موجود ہے۔ اس کے علاوہ شیعہ علماء نے گذشتہ صدیوں کے دوران غدیر کی اسناد کو جمع اور مرتب کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ یہ واضح کیا جاسکے کہ یہ واقعہ صرف ایک اعتقادی روایت نہیں، بلکہ ابتداء اسلام کی تاریخ کے اہم اور مستند واقعات میں سے ایک ہے۔ اسی سلسلے میں حدیثِ غدیر کے راویوں، خواہ وہ صحابہ ہوں یا تابعین، کے ناموں کو جمع کرنے اور ان کی فہرست مرتب کرنے کے لیے بھی وسیع علمی کاوشیں انجام دی گئی ہیں۔
غدیر کے اہم شواہد میں ایک اور پہلو وہ اشارے ہیں جو ابتداء اسلام کے اشعار، مناظروں اور علمی و فکری مباحث میں ملتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بعض تاریخی واقعات صرف حدیثی کتابوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ ادب، مناظرات اور سماجی استدلالات میں بھی اپنی جگہ بناتے ہیں۔ غدیر کے بارے میں بھی یہی صورتِ حال نظر آتی ہے؛ یعنی اس واقعے کو مسلمانوں کے فکری اور سماجی ماحول میں اچھی طرح پہچانا جاتا تھا اور رسولِ اکرمؐ کی رحلت کے بعد ہونے والی گفتگوؤں اور استدلالات میں اس کا حوالہ دیا جاتا رہا۔ اس واقعے کا مسلسل ذکر خود اس بات کی علامت ہے کہ غدیر اسلامی تاریخ میں گہری جڑیں رکھتا ہے۔
مجموعی طور پر واقعۂ غدیر کے اہم ترین شواہد کو تین بنیادی شعبوں میں دیکھا جا سکتا ہے: اول، متعدد حدیثی روایات؛ دوم، قدیم تاریخی مصادر میں اس کا اندراج؛ اور سوم، مسلمانوں کی ثقافتی یادداشت اور احتجاجی روایت میں اس کی مسلسل موجودگی۔ لہٰذا غدیر کوئی منفرد یا تنہا روایت نہیں، بلکہ تاریخی شواہد اور مستند دلائل کے ایک وسیع مجموعے سے تقویت پاتا ہے۔ یہی خصوصیت ہے جس کی بنا پر واقعۂ غدیر ہمیشہ اسلامی تاریخ میں ولایت اور امامت سے متعلق مباحث کا ایک اہم ترین محور اور بنیادی استناد کا مرکز رہا ہے۔
خطبۂ غدیر میں کون سے اہم مضامین موجود ہیں جن پر نسبتاً کم توجہ دی گئی ہے؟
حجت الاسلام حسنلو: عام طور پر جب غدیر کا ذکر ہوتا ہے تو توجہ زیادہ تر رسول اکرمؐ کے اس مشہور فرمان پر مرکوز رہتی ہے جو امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا، جبکہ خطبۂ غدیر اپنے مضامین کے اعتبار سے ایک مختصر جملے سے کہیں زیادہ وسیع اور جامع ہے۔ اس خطبے میں اعتقادی، اخلاقی، سماجی اور سیاسی مفاہیم کا ایک مکمل مجموعہ موجود ہے، جس کا اگر جامع مطالعہ کیا جائے تو غدیر کے پیغام کی کہیں زیادہ گہری تصویر سامنے آسکتی ہے۔ غدیر کے مطالعے میں ایک عام مسئلہ یہ ہے کہ خطبے کے پورے فکری نظام پر توجہ دینے کے بجائے صرف اس کے ایک حصے پر اکتفا کیا جاتا ہے۔
خطبۂ غدیر کے اہم مگر کم زیرِ بحث آنے والے موضوعات میں سے ایک توحید، نبوت اور ولایت کے باہمی تعلق کا مسئلہ ہے۔ اس خطبے میں امیرالمؤمنینؑ کی ولایت کو رسالت اور الٰہی ہدایت سے الگ کسی مستقل موضوع کے طور پر پیش نہیں کیا گیا، بلکہ اسے اسی سلسلۂ ہدایت کا تسلسل قرار دیا گیا ہے۔ یہ نکتہ واضح کرتا ہے کہ خطبے کی منطق میں امت کی قیادت کا مسئلہ محض ایک انتظامی یا سیاسی معاملہ نہیں، بلکہ معاشرے کی دینی ہدایت کے تسلسل کا ایک بنیادی حصہ ہے۔ دوسرے الفاظ میں، خطبۂ غدیر ولایت کو ایک مکمل الٰہی نظام کے اندر متعارف کراتا ہے۔
ایک اور اہم موضوع “ابلاغ” اور پیغام رسانی کی ذمہ داری ہے۔ خطبۂ غدیر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس پیغام کو دوسروں تک پہنچایا جائے اور آنے والی نسلیں بھی اس سے آشنا رہیں۔ خطبے کا یہ پہلو غدیر کو صرف عہدِ رسالت کے ایک تاریخی واقعے تک محدود نہیں رہنے دیتا بلکہ اسے امت کی ایک دائمی تاریخی ذمہ داری میں تبدیل کر دیتا ہے۔ لہٰذا غدیر صرف ایک مخصوص دن کا اعلان نہیں، بلکہ ایک ایسا دائمی پیغام ہے جسے سمجھنا، محفوظ رکھنا اور دوسروں تک پہنچانا ضروری ہے۔
کم توجہ پانے والے دیگر موضوعات میں نفاق، تحریف اور رسول اکرمؐ کے بعد ممکنہ انحرافات کے خطرے کی نشاندہی بھی شامل ہے۔ اس خطبے میں صرف ایک جانشین کا تعارف نہیں کرایا گیا بلکہ اسلامی معاشرے کے مستقبل اور اس کے ممکنہ لغزشوں کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا ہے۔ خطبے کا یہ حصہ ظاہر کرتا ہے کہ غدیر صرف ایک تقرری کا اعلان نہیں تھا، بلکہ امت کو قیادت کے بحران اور مستقبل کے تباہ کن اختلافات سے محفوظ رکھنے کی ایک کوشش بھی تھی اسی وجہ سے خطبۂ غدیر میں ایک پیشگیرانہ اور دور اندیشی پر مبنی پہلو نمایاں طور پر موجود ہے۔
خطبۂ غدیر میں اہلِ بیتؑ کی دینی مرجعیت کے مسئلے کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے بھی وضاحت فرمائیے۔
حجت الاسلام حسنلو: خطبۂ غدیر میں اہلِ بیتؑ کی دینی اور علمی مرجعیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ عام طور پر غدیر کو صرف حضرت علیؑ سے محبت کے اعلان یا ان کے روحانی مقام کے اظہار کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ خطبہ واضح طور پر ہدایت، دین کی تشریح اور راہِ حق کے تسلسل میں اہلِ بیتؑ کے کردار کو بیان کرتا ہے۔ یہ نکتہ نہایت اہم ہے کہ خطبۂ غدیر میں ولایت کو صرف ایک شخصی فضیلت کے طور پر پیش نہیں کیا گیا، بلکہ اسے اسلامی معاشرے میں دین کو سمجھنے، محفوظ رکھنے اور نافذ کرنے کے لیے ایک مرجعیت کی حیثیت دی گئی ہے۔
آخر میں، خطبۂ غدیر کے کم توجہ پانے والے مضامین میں اس کا سماجی اور امت ساز پہلو بھی شامل ہے۔ یہ خطبہ ایسی امت کی تشکیل کا خواہاں ہے جو قیادت کے معاملے میں سرگردانی اور بے راہ روی کا شکار نہ ہو۔ اگر اس پہلو کو سنجیدگی سے لیا جائے تو غدیر صرف ایک سالانہ یادگاری مناسبت نہیں رہے گا، بلکہ دین، قیادت، عدل اور سماجی ذمہ داری کے باہمی تعلق کو سمجھنے کے لیے ایک جامع نمونہ بن جائے گا۔ اسی وجہ سے خطبۂ غدیر کا جامع مطالعہ آج کے معاشرے کے سامنے اسلامی معارف کی تفہیم کے نئے افق کھول سکتا ہے۔
واقعۂ غدیر تاریخی پہلو کے ساتھ ساتھ اعتقادی اور کلامی پہلو پر بھی کیوں اور کیسے مشتمل ہے؟
حجت الاسلام حسنلو: غدیر بظاہر ایک واضح تاریخی واقعہ ہے جو ایک معین زمانے اور مخصوص مقام پر پیش آیا، لیکن اس کی اہمیت صرف تاریخی حد تک محدود نہیں ہے۔ بہت سے تاریخی واقعات ماضی کی ایک یاد بن کر رہ جاتے ہیں، لیکن بعض واقعات ایسے ہوتے ہیں جو فکر اور معاشرتی نظام پر گہرے اثرات مرتب کرنے کی وجہ سے تاریخ کی حدود سے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ غدیر بھی انہی واقعات میں سے ایک ہے؛ یعنی ایسا واقعہ جس نے مسلمانوں کے اعتقادی نظام اور ان کے سماجی و تمدنی ڈھانچے دونوں پر اثر ڈالا ہے۔
غدیر کا کلامی پہلو اس حقیقت سے پیدا ہوتا ہے کہ یہ واقعہ اسلامی عقائد کے بنیادی ترین مسائل میں سے ایک، یعنی رسول اکرمؐ کے بعد امامت اور دینی قیادت کے مسئلے سے براہِ راست مربوط ہے۔ علمِ کلام امت کی ہدایت، دینی مرجعیت، عصمت، حجیت اور معاشرے میں خطِ نبوت کا تسلسل جیسے سوالات کا جائزہ لیتا ہے، اور غدیر انہی بنیادی مباحث کے مرکز میں واقع ہے۔ اسی لیے غدیر صرف ایک تاریخی روایت نہیں، بلکہ امامت سے متعلق کلامی مباحث کی تشکیل میں ایک بنیادی اور مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
تاہم غدیر صرف کلامی پہلو تک محدود نہیں بلکہ ایک تمدنی پہلو بھی رکھتا ہے۔ تمدن صرف عمارتوں کی تعمیر، علم کے فروغ یا سیاسی نظم کے قیام سے وجود میں نہیں آتا، بلکہ اس کے لیے اقدار، مشروعیت اور قیادت کے نمونوں پر مشتمل ایک فکری نظام بھی ضروری ہوتا ہے۔ درحقیقت غدیر اس بنیادی سوال کا جواب پیش کرتا ہے کہ رسول اکرمؐ کے بعد اسلامی معاشرے کی ہدایت کس بنیاد پر ہونی چاہیے۔ یہ صرف ایک شخصی یا اعتقادی سوال نہیں، بلکہ امتِ مسلمہ کی تقدیر اور اس کی اجتماعی تنظیم و تشکیل سے براہِ راست تعلق رکھتا ہے۔












