32

بلوچستان میں حکومت و ریاستی ادارے عوامی تحفظ میں ناکام ہوگئے، شیعہ علماء کرام

  • News cod : 7204
  • 05 ژانویه 2021 - 22:13
بلوچستان میں حکومت و ریاستی ادارے عوامی تحفظ میں ناکام ہوگئے، شیعہ علماء کرام
احتجاجی دھرنے میں مولانا شبیر میثمی، مولانا قرۃ العین، مولانا نعیم الحسن، مولانا ملک غلام عباس، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، زین عباس امیت اور دیگر نے خطاب کیا۔

بلوچستان میں شیعہ ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دھرنے دیئے، شہر کے مرکزی احتجاجی دھرنے کا آغاز نمائش چورنگی پر ہوا، شیعہ رہنماؤں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے شہدائے مچھ کی یاد میں شمع بھی روشن کی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے کہا کہ ہمارا احتجاج مرکزی قائدین کے اگلے فیصلے تک جاری رہے گا۔

دھرنے سے ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے ڈویژنل و صوبائی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مچھ کے ورثاء کے مطالبات جائز اور اصولی ہیں، جب تک انہیں پورا نہیں کیا جاتا، تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔  شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا کہ شیعہ ہزارہ برادری کے غم میں ہر محب وطن شامل ہے، سفاک قاتلوں کی فوری گرفتاری اور سرعام پھانسی کا مطالبہ کرتے ہیں، بلوچستان میں حکومت و ریاستی ادارے عوامی تحفظ میں ناکام ہوگئے ہیں، اس بربریت میں عالمی دہشتگرد تنظیم داعش اور اس کی آلہ کار لشکر جھنگوی ملوث ہے، غیر ملکی ایجنسیاں کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی سرپرست ہیں، جب تک ان جماعتوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جاتی، تب تک امن و امان قائم نہیں ہو سکتا، ہزارہ قبیلے پر یہ پہلا وار نہیں ہے، کالعدم جماعتوں کے سرغنہ کھلے عام قتل کے فتوے جاری کرتے ہیں، ملک کے آئین و قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی، ذمہ دار اداروں کی طرف سے لچک کا مظاہرہ ان کے حوصلوں میں تقویت کا باعث ہے۔

مظاہرین سے خطاب میں علامہ علی انور جعفری نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکا کے ناپاک وجود نے پورے خطے کا امن غارت کر رکھا ہے، انہی طاقتوں کے سہولت کار پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں بربریت کے حالیہ واقعہ پوری قوم کیلئے اضطراب کا باعث ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ مظاہرین سے خطاب میں آئی ایس او کے مرکزی رہنماء سید علی اویس زیدی نے کہا کہ ہماری قوم نے اپنی مٹی سے محبت کی قیمت انمول جانوں کی قربانی دے کر چکائی ہے، ہم مزید کسی آزمائش کے قطعی متحمل نہیں ہیں، ہزارہ قبیلے کو جان و مال کا مکمل تحفظ دیا جائے، ہم نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھاری قیمت چکائی ہے۔

احتجاجی دھرنے میں مولانا شبیر میثمی، مولانا قرۃ العین، مولانا نعیم الحسن، مولانا ملک غلام عباس، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، زین عباس امیت اور دیگر نے خطاب کیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں نمائش چورنگی پر مرکزی احتجاجی دھرنے سمیت عباس ٹاؤن اور نیو کراچی میں دھرنے جاری ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=7204