12

قدیمی امام بارگاہ حسن آباد سرینگر میں شاندار محفل میلاد حضرت امام حسین ؑ کا انعقاد

  • News cod : 13606
  • 19 مارس 2021 - 16:07
قدیمی امام بارگاہ حسن آباد سرینگر میں شاندار محفل میلاد حضرت امام حسین ؑ کا انعقاد
انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے فرزندان توحید کو نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ، علمدار کربلا حضرت عباس ابن علی ؑ اور سید الساجدین حضرت امام زین العابدین ؑ کے ایام ولادت کے موقعہ پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و عترت کا باہمی ربط روح و بدن کے رشتے کے مترادف ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں شاندار محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا محفل میلاد میں تنظیم کے شعبہ باب العلم سے منسلک حوزہ علمیہ اور شاخہائے مکاتب کے سینکڑوں طلاب اور معلمین و معلمات کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر علمائے دین نے حضرت امام حسین ؑ کی عزیمانہ سیرت اور حیات طیبہ کے گوشوں کی وضاحت کی۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے فرزندان توحید کو نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ، علمدار کربلا حضرت عباس ابن علی ؑ اور سید الساجدین حضرت امام زین العابدین ؑ کے ایام ولادت کے موقعہ پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و عترت کا باہمی ربط روح و بدن کے رشتے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلبیت نبوی ؑ کی عظمت کا روشن ترین پہلو قرآن مقدس اور تقدس رسالت ؐ کے لئے معصومین ؑ کا کردار و عمل اور صبر آزما جدوجہد ہے جس کی پاداش میں ان تمام خاصان خدا کو درجہ شہادت پہنچایا گیا۔

آغا صاحب نے حضرت امام حسین ؑ کے حماسی اقدام کو توہین قرآن و رسالت ؐ کے خلاف سر فروشانہ رد عمل کا اعلیٰ ترین نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی ترمیم اور تنسیخ کی باتیں استکباری ایجنڈے کی کڑیاں ہے اس طرح کے ارتدادی نظریات قرآن مقدس کی اعتباریت اور عظمت کو ذرا بھر متاثر نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ ایسے نجس نظریات کو ہمیشہ اسلام دشمن قوتوں کی پشت پناہی حاصل رہی ہے لیکن مسلمانوں کے عزم و ایمان اور آپسی اتحاد نے ہر دور میں ایسی سازشوں کو ناکام بناکر اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13606