11

کرگل میں اعیاد شعبانیہ کی مناسبت سے تین روزہ جشن کا اہتمام

  • News cod : 13686
  • 20 مارس 2021 - 7:30
کرگل میں اعیاد شعبانیہ کی مناسبت سے تین روزہ جشن کا اہتمام
اس عظیم الشان پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور تقاریر, منقبت خوانی اور قصیدہ خوانی کے ذریعے امام زین العابدین علیہ السلام فضائل بیان کئے گئے اور امام کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا.

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، 3 شعبان المعظم کو ولادت با سعادت حضرت امام حسین علیہ السلام کی پر مسرت مناسبت پر شعبہ ادب جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام کثیر الثانی حسینی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس می ضلع کرگل کے نامور شعراء حضرات نے شرکت کی اور اپنے کلام کے ذریعے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر صدر انجمنِ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سید رضا رضوی ممبر شعبہ ادب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے.

اسی طرح 4 شعبان المعظم کو حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی ولادت پر برکت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مشہور و معروف اور نامور قصیدہ و منقبت خوانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ کرگل کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے 30 سے زائد قصیدہ و منقبت خوانوں نے اپنی خوبصورت آوازوں میں بلتی, پرکی, شینا اور اردو زبانوں میں قصیدہ اور منقبت خوانی کے ذریعے محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔ اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم خلیلی جنرل سیکریٹری جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا اس کے علاوہ مومنین کی کثیر تعداد اور علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے علمائے کرام نے بھی اس جشن میں شرکت کی.

اس محفل میں ضلع کرگل کے نامور اور معروف منقبت خواں اور شعبہ ادب کے بنیادی رکن مرتضیٰ فاضلی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے.

حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم خلیلی نے اپنی صدارتی تقریر میں حضرت امام حسین علیہ السلام کو انسانیت کی ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے دین مبین اسلام کی بقا کے لئے دی گئی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے مومنین کو امام حسین علیہ السلام کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کی تلقین کی.

5 شعبان المعظم کو ولادتِ با سعادت سید الساجدین امام زین العابدین السجاد کے مبارک موقع پر بھی شعبہ ادب جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جشن محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور تقاریر, منقبت خوانی اور قصیدہ خوانی کے ذریعے امام زین العابدین علیہ السلام فضائل بیان کئے گئے اور امام کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا, اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسین محمدی ممبر علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13686