وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم کے مدیرحجۃالاسلام سید ظفر علی شاہ نقوی نے علامہ شیخ غلام حسین سحر بلتستانی کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ سحر بلتستانی کی وفات سے بزم علم وادب کے چراغ بجھ گئے اور علاقہ ایک عالم باعمل اور شاعر و ادیب سے محروم ہوگیا ۔شیخ سحر بلتستانی میدان علم وادب کے مایہ ناز ،مجاہداورمتقی عالم دین تھے۔ وہ حسن اخلاق اور زہدو پرہیزگاری میں اپنی مثال آپ تھے ۔علامہ شیخ سحر بلتستانی نے اشعار کے ذریعے مکتب اہلبیت ؑکی تبلیغ میں نیا انداز دکھا کر یہ ثابت کردیا کہ تبلیغ دین علم وادب اور شعر وقصائد کے ذریعے بھی ممکن ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ بلتستان کے عوام ایک بے بدیل شاعر اہل بیت ؑ سے محروم ہوگیا۔
انہوں نے بلتستان کے علماء اور عوام کو تاکید کی کہ وہ شیخ سحر صاحب کی علمی وادبی خدمات کو ہمیشہ یاداور زندہ رکھیں ۔
علامہ ڈاکٹر سید ظفر علی نقوی نے شیخ سحر کی وفات پر پوری قوم اور بالخصوص مرحوم کے خانوادہ کو تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہوئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا فرمائی کہ اللہ تعالی مرحوم شیخ سحر کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں محمد وآل محمد علیہم السلام کے ساتھ محشور اور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔












