13

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نام تعزیتی پیغام

  • News cod : 18268
  • 05 ژوئن 2021 - 14:57
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نام تعزیتی پیغام
خرداد کا مہینہ اس غم انگیز سانحے کی یاد تازہ کرتا ہے جس میں امت مسلمہ اپنے رہبر و پیشوا سے محروم ہوگئی۔ حضرت امام خمینی ؒ عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کی خواب غفلت سے بیداری کا باعث بنے۔ اس بیداری کا نمایاں ترین نتیجہ ایران کی سرزمین پر اسلامی انقلاب کی کامیابی اور بابرکت اسلامی نظام کے قیام کی صورت میں سامنے آیا اور یہی بیداری عالمی استکبار خصوصا عالمی مجرم امریکہ کی سربراہی میں قائم کردہ استبدادی نظام کے شکنجے میں جکڑی ہوئی مظلوم اقوام عالم کے لئے امید اور آزادی کی کرن ثابت ہوئی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر اور ناظم اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور علامہ سید مرید حسین نقوی نے رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی برسی کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے، جس کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (دام ظلہ العالی) رہبر معظم انقلاب اسلامی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ
جناب عالی کی خدمت میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے تسلیت پیش کرتے ہیں۔
خرداد کا مہینہ اس غم انگیز سانحے کی یاد تازہ کرتا ہے جس میں امت مسلمہ اپنے رہبر و پیشوا سے محروم ہوگئی۔ حضرت امام خمینی ؒ عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کی خواب غفلت سے بیداری کا باعث بنے۔ اس بیداری کا نمایاں ترین نتیجہ ایران کی سرزمین پر اسلامی انقلاب کی کامیابی اور بابرکت اسلامی نظام کے قیام کی صورت میں سامنے آیا اور یہی بیداری عالمی استکبار خصوصا عالمی مجرم امریکہ کی سربراہی میں قائم کردہ استبدادی نظام کے شکنجے میں جکڑی ہوئی مظلوم اقوام عالم کے لئے امید اور آزادی کی کرن ثابت ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ آج تقریبا تمام اسلامی ممالک کی مانند دوسری حکومتیں بھی اپنے مشرقی اور مغربی آقاؤں کی پہلی سی فرمانبرداری نہیں کرتیں اور وہ بہت سارے مسائل میں، خواہ بظاہر ہی کیوں نہ ہو، اپنی قوم کو اعتماد میں رکھنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام بھی ہر سال ان رنج وغم کے ایام میں “پیر جماران” کی تکریم و تعظیم کے لئے اجتماعات منعقد کرتے ہیں، جن کے ذریعے امام امت کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لئے تجدید عہد کرتے ہیں اوران کے خلف صالح ہونے کے ناطے آپ جناب کے فرامین کے نفاذ کی تاکید کرتے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں یہ اجتماعات مکتب امامؒ کے شاگر حجۃ الاسلام والمسلمین قاضی سید نیاز حسین نقوی کی سربراہی میں انتہائی شان و شوکت سے منعقد ہوتے تھے، لیکن اس سال ہم ان کے وجود سے محروم ہوگئے۔
بندہ پہلے حوزہ علمیہ مدینۃ العلم ڈنمارک کا سرپرست، امامیہ اسلامک کونسل (شیعہ مراکز برائے اردو زبان یورپ) کا صدر اور اتحادیہ علمائے یورپ (ہمبرگ جرمن) کا رکن تھا ۔ مرحوم قاضی صاحب کی رحلت کے بعد حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی صاحب کی دعوت پر پاکستان آیا اور جامعۃ المنتظر لاہور میں خدمات سر انجام دے رہا ہوں۔ ان شاء اللہ امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ایک ادنیٰ سپاہی کی صورت جناب عالی کے زیر سایہ آپ کے فرمان کے مطابق اسلام اور مسلمین کی خدمت کا فریضہ ادا کرتا رہوں گا ۔
والسلام
سید مرید حسین نقوی
نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان
ناظم اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=18268