11

عالمی یوم علی اصغرؑ کی مناسبت سے لاہور میں تقاریب

  • News cod : 21065
  • 13 آگوست 2021 - 20:00
عالمی یوم علی اصغرؑ کی مناسبت سے لاہور میں تقاریب
آج کا دن اس عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے معصوم بچوں کو صراط علی اصغر پر چلائیں گی۔ آج کا دن پوری دنیا میں منانے کا مقصد حضرت علی اصغر کیساتھ عہد کا دن ہے۔

دنیا بھر کی طرح لاہور میں عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام منایا گیا۔ اس حوالے سے قومی مرکز شادمان، امام بارگاہ پیر شبیر شاہ علی رضا آباد سمیت مختلف مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ امام بارگاہ پیر شبیر شاہ علی رضا آباد میں چھ ماہ سے تین سال تک کی عمر کے بچوں اور ان کی ماوں نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کی شرکاء کا استقبال کنیزان حضرت زہراء نے کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد رکن پنجاب اسمبلی اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما سیدہ زہرا نقوی نے شریک خواتین سے عہد لیا اور نونہالوں کو امام رضا علیہ السلام کے حرم سے آئے مخصوص لباس دیئے گئے۔ اس موقع پر ماوں نے اپنے کمسن اور معصوم بچوں کو اپنی آغوش میں لے کر کربلا کے ششماہے کی ماں حضرت ربابؑ کی مظلومی و مصائب پر نوحہ و گریہ کیا۔
ماوں نے اپنے بچوں کو سبز لباس پہنا رکھے تھے جبکہ بچوں کے ماتھے پر لبیک یا امام زماںؑ درج تھا اور خواتین نے اپنے بچوں کو راہ امام زماںؑ میں قربان کرنے کا عہد کیا۔ ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ علی اصغر کربلا کے وہ عظیم شہید ہیں جنہوں نے اپنی ننھی مسکراہٹ سے یزیدیت کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے معصوم بچوں کو صراط علی اصغر پر چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا میں منانے کا مقصد حضرت علی اصغر کیساتھ عہد کا دن ہے۔ آخر میں آئے تمام حاضرین کو نذر جناب علی اصغر علیہ السلام تقسیم کی گئی۔ واضح رہے کہ عالمی یوم علی اصغر ہر سال محرم کے پہلے جمعے کو کربلا میں شہید کئے گئے بچوں خاص طور پر حضرت علی اصغر کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=21065