36

سوشل میڈیا پر مکاتب فکر کے درمیان انتشار پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے،صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

  • News cod : 21430
  • 23 آگوست 2021 - 13:32
سوشل میڈیا پر مکاتب فکر کے درمیان انتشار پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے،صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
شیعہ سنی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سربراہ ملی یکجہتی کونسل نے کہا کہ جو لوگ جعلی ویب سائیٹ بناکر ان پر اشتعال انگیز لوازمہ اپ لوڈ کرکے فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکا رہے ہیں، وہ اسلام اور پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں، ان جعلی فرضی ویب سائٹ کو فوری طور پر بند کیا جائے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہم سب پاکستان کی سالمیت کے لئے متحد ہیں، شہداء کربلا ہر مسلک کے لئے قابل احترام ہیں، ہم سب کو چاہیئے کہ ماہ محرم کے تقدس اور امن کو یقینی بنائیں اور اسلام اور پاکستان دشمن شیطانی قوتوں کو امن و امان تہہ بالا کرنے کا موقع نہ دیں، جمعہ کو فرقہ وارانہ کشیدگی کے موقع پر احتجاج کرنے والوں میں سے درجنوں بیگناہ کو گرفتار کرنا سخت افسوسناک ہے، تین روز سے زیرحراست ان افراد کو پولیس اور انتظامیہ فوری رہائی کو یقینی بنائیں۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحید قریشی، جے یو آئی (ف) کے مولانا تاج محمد ناہیوں، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ ڈاکٹر کرم علی حیدری، سید حیدر عباس شاہ، معظم شاہ، مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ رحمان، علامہ گل حسن مرتضوی، الحاج گلشن الٰہی، عمران خان سہروردی، قاری احمد علی سعیدی، خالد حسن عطاری اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر اور دیگر نے کہا کہ محرم الحرام کا احترام اور امن برقرار رکھنا اہل ایمان کا شرعی اور ملی فریضہ ہے، شہداء کربلا ہر مسلک کے ماننے والوں کیلئے قابل احترام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہ محرم کے تقدس اور امن کو یقینی بنایا جائے اور کسی کو بھی اسلام اور پاکستان دشمن کو شیطانی کھیل کھیلنے اور امن کو تہہ و بالا کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سب کا اس پر اتفاق ہے کہ تمام مسالک کے مقدسات کا احترام کیا جانا ضروری ہے، سوشل میڈیا پر منظم سازش کے تحت مقدسات کی کردار کشی کرکے مختلف مکاتب فکر کے درمیان انتشار پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے، حکومت سائبر کرائم کے شعبے کو فوری متحرک کرے اور اس سازش کا سدباب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کا شعبہ اسی مقصد کیلئے قائم کیا گیا ہے مگر وہ اپنے فرائض انجام ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ جو لوگ جعلی ویب سائیٹ بناکر ان پر اشتعال انگیز لوازمہ اپ لوڈ کرکے فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکا رہے ہیں وہ اسلام اور پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں، ان جعلی فرضی ویب سائٹ کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمعہ کو پنیاری تھانے کی حدود میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے موقع پر احتجاج کرنے والوں میں سے درجنوں کی تعداد میں جو بیگناہ افراد پکڑ کر تین روز سے زیر حراست رکھے گئے ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، عوام بھی اتحاد اور یکجہتی کا ثبوت دیں اور کسی سازش کا شکار نہ ہوں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=21430