7

پاک ایران بارٹر ٹریڈ پر دونوں ممالک کے دستخط

  • News cod : 25139
  • 08 نوامبر 2021 - 13:03
پاک ایران بارٹر ٹریڈ پر دونوں ممالک کے دستخط
تہران میں پاک ایران جوانٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں اجلاس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، تجارتی معاہدہ بارٹر ٹریڈ (Barter Trade) پر پاکستان اور ایران کے نمائندوں نے دستخط کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر تہران میں پاک ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں اجلاس کے اختتامی سیشن میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور زاہدان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالحکیم ریگی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور ایرانی ہم منصب نے بھی تجارتی معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داود کا کہنا تھا کہ ان کی ایران آمد باعث فخر ہے۔ ہم اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا نواں اجلاس بھی اس سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تین مہینوں میں ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں سیشن میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور دو طرفہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے مختلف تجاویز زیر غور لائی گئی۔

اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور سینیئر نائب صدر محمد ایوب مریانی کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں سیشن کے دو طرفہ کاروباری تعلقات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔ ہم ایران حکومت اور تجارت پیشہ افراد کی بھرپور مہمان نوازی پر شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے وفد نے صوبے اور ملک کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی بھرپور انداز میں نمائندگی کا فریضہ بخوبی نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستحکم کاروباری تعلقات کے فروغ کیلئے روز اول سے ہی کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں ہماری جانب سے حکومت کو ہر ممکن تعاون بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کے فروغ سے ہی ملک اور صوبے کی معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے اور بے روزگاری پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25139