10

30 سال سے اہل تشیع جنازے اٹھا رہے ہیں، حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہے،سابق وفاقی وزیر تعلیم

  • News cod : 30603
  • 05 مارس 2022 - 19:14
30 سال سے اہل تشیع جنازے اٹھا رہے ہیں، حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہے،سابق وفاقی وزیر تعلیم
افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے سپاہی کے جنازے میں تو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نظر آئے لیکن 60 سے زائد شہدا ءکی نماز جنازہ میں وہ بھی شامل نہیں ہوئے

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے پشاور کی جامع مسجد امامیہ میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ دہشت گردی کے بھیانک واقعہ کی ذمہ داری قبول کرے اور وزیر داخلہ شیخ رشید اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے مستعفی ہو جائیں کیونکہ 30 سال سے اہل تشیع جنازے اٹھا رہے ہیں اور حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔

میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے سپاہی کے جنازے میں تو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نظر آئے لیکن 60 سے زائد شہدا ءکی نماز جنازہ میں وہ بھی شامل نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان ،وزیر اعظم ،وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ اور وزرا ءکو نماز جنازہ میں شریک ہونا چاہیے تھا اورشہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنا چاہیے تھا مگر ایسی کوئی اخلاقی قدریں پی ٹی آئی کی حکومت میں نظر نہیں آئیں اور لگتا ہے کہ واقعات جتنے بھی ہوجائیں ،حکمران سرد خانے میں بے ہوش پڑے ہیں۔منیر گیلانی نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ۔ قومی سلامتی کی ذمہ دارایجنسیاں دہشتگردوں کے پیچھے چلنے کی بجائے صرف سیاسی انجینئرنگ پر مصروف ہیں جو ان کا بنیادی کام ہے اس سے یہ پہلوتہی اختیار کیے ہوئے ہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج (اتوار) کو قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ہونے والے احتجاج میں عوام بھرپور شرکت کر کے شہدا کے لواحقین سے اظہارِیکجہتی اور دہشتگردوں سے اظہار برات کریں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30603