11

مشہد مقدس، ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کا اہتمام

  • News cod : 31042
  • 10 مارس 2022 - 19:14
مشہد مقدس، ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کا اہتمام
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شھید ڈاکٹر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء کو دین اور مکتب کی طرف دعوت دیتے تھے، اس لیے کہ ہماری نوجوان نسل گمراہ نہ ہو، دین سے دور نہ ہو، دین کے دائرے میں رہے۔ شھید ڈاکٹر جیسی سوچ و فکر رکھنے والے اشخاص کہاں سے پیدا ہوتے ہیں، یقیناً اس کا جواب کربلا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام سفیر انقلاب، بانی آئی ایس او پاکستان ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی کی مناسبت سے موسسہ شہید عاف الحسینی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت ساجد شاکری نے حاصل کی، ذاکر علی اسدی نے ترانہ شہادت پیش کیا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شھید ڈاکٹر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء کو دین اور مکتب کی طرف دعوت دیتے تھے، اس لیے کہ ہماری نوجوان نسل گمراہ نہ ہو، دین سے دور نہ ہو، دین کے دائرے میں رہے۔ شھید ڈاکٹر جیسی سوچ و فکر رکھنے والے اشخاص کہاں سے پیدا ہوتے ہیں، یقیناً اس کا جواب کربلا ہے۔

شھید ڈاکٹر غیور تھے، انہوں نے کالج اور یونیورسٹیوں میں ایسی نہضت شروع کی، جس کا ثمر آج آئی ایس او کی صورت میں موجود ہے۔ شھید ڈاکٹر نے کبھی یہ نہیں کہا کہ اس وقت حالات سازگاز نہیں بلکہ ہمیشہ وقت سے آگے رہے اور جو شخص وقت سے آگے ہوتا ہے، وہی قوم کو لیڈ کرتا ہے، شھید ڈاکٹر سکوت توڑنے والے شخص تھے، جمود توڑنے والے شخص تھے، قوم نے اُنہیں علامہ مفتی جعفر حسین کے دور میں دیکھا، ہر میدان میں دیکھا، وہ ہمیشہ حاضر رہتے تھے، وہ کبھی میدان سے غائب نہیں رہے، ڈاکٹر شھید نڈر، بہادر، شجاع، جواں مرد اور باوفا تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شہید نے آئی ایس او کی بنیاد رکھنے کے بعد گلگت بلتستان سے لیکر بلوجستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ ہر جگہ تشیع کی شناخت کروائی، ان کا مزید کہنا تھا کہ سفیر انقلاب شھید ڈاکٹر آئی ایس او کو شجرہ طیبہ کہتے تھے، نوجوانوں پر مشتمل تنظیمیں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک عزیز پاکستان کو توڑنے کے لیے ملک میں مذہبی، لسانی، علاقائی اور مختلف طریقوں سے فساد برپا کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کو معاشی لحاظ سے کمزور کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ آخر میں وطن عزیز پاکستان کی استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سیمینار کے اختتام کے بعد سوال و جواب کا بھی سیشن ہوا، نقابت کے فرائض حجت الاسلام شیخ عارف حسین نے انجام دیئے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عقیل حسین خان اور دیگر علمائے کرام اور طلاب بھی موجود تھے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31042