32

مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام استقبالِ رمضان کانفرنسوں کا سلسلہ جاری

  • News cod : 31983
  • 24 مارس 2022 - 18:02
مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام استقبالِ رمضان کانفرنسوں کا سلسلہ جاری
مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ استقبال رمضان کانفرنسوں میں متنازعہ نصاب تعلیم کا موضوع خصوصی طور پر موضوع گفتگو رہا جس میں تعلیم کے شعبے سے وابستہ ذمہ داران نے متنازعہ یکساں نصاب میں موجود خامیوں کی نشاندھی اور قومی لائحہ عمل سے مبلغین کو آگاہ کیا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام مختلف زونز اور اضلاع کی سطح پر استقبال رمضان کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں آئمہ جمعہ جماعت، پیش نماز صاحبان اور مبلغین امامیہ کی کثیر تعداد شریک ہورہی ہے۔ سرگودھا میں زون کی سطح پر کامیاب کانفرنس جس میں چار اضلاع سے سینکڑوں مبلغین امامیہ شریک ہوئے کے بعد اگلے مرحلے میں گجرات، فیصل آباد، چکوال اور جھنگ میں اضلاع کی سطح پر کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جس میں درجنوں مبلغین امامیہ نے شرکت کی ہے۔

استقبالِ رمضان کانفرنسوں کے مقررین نے تبلیغ دین کی اہمیت و ضرورت اور مبلغین کے مقام و ذمہ داریوں سے متعلق موضوعات پر گفتگو کی۔ مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ استقبال رمضان کانفرنسوں میں متنازعہ نصاب تعلیم کا موضوع خصوصی طور پر موضوع گفتگو رہا جس میں تعلیم کے شعبے سے وابستہ ذمہ داران نے متنازعہ یکساں نصاب میں موجود خامیوں کی نشاندھی اور قومی لائحہ عمل سے مبلغین کو آگاہ کیا۔

مجلس علماء امامیہ پاکستان کی طرف سے متنازعہ نصاب تعلیم کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام 12 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں منعقدہ شیعہ قومی کانفرنس کی قراردادوں کی مکمل حمایت کا اعلان اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نصاب سمیت ملت جعفریہ کے آئینی مذہبی حقوق غصب کیے جانے کے خلاف قومی و ملی جدوجہد میں بھرپور طریقے سے شریک رہا جائے گا۔

مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے استقبال رمضان کانفرنسوں کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں نصاب و دیگر ملی حقوق کے حوالے سے مجلس علماء امامیہ کا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سنی و شیعہ مکتب فکر کے اکابرین نے ملکر بنایا تھا جس کے بانیان نے تمام مکاتب فکر حتی غیر مسلم شہریوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یکساں متنازعہ نصاب ایک مخصوص مسلک اور سوچ کی ترجمانی کرتا ہے یہ نصاب ملت جعفریہ کے مذہبی تعلیم کی آزادی کے حق پر ڈاکہ ہے جسے تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31983