وفاق ٹائمز، رکن اسلامی نظریاتی کونسل، سربراہ تحریک حسینیہ پاکستان اور بانی و سرپرست ادارہ منہاج الحسینؑ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایک ایسی عظیم فوج اور ایسے عظیم مجاہدین پر مشتمل آرمی عطا کی ہے کہ جس کا دنیا میں بہت بڑا نام ہے، جو اپنی بہادری، جرات، شجاعت، فنی مہارت، جنگی مہارت اور دیگر تمام شعبہ ہائے جہاد سے متعلقہ جدید سے جدید تر اسلحہ کو بنانا بھی جانتی ہے، سنبھالنا بھی جانتی ہے اور چلانا بھی جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نہ صرف بیک وقت ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ داخلی محاذوں پر بھی کوئی ایسا محاذ نہیں جہاں پر پاک فوج کے مجاہدین اور سپاہی نظر نہ آتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جب بھی کسی آزمائش میں مبتلا ہوئی، زلزلے آئے تو متاثرین کو بچانے اور ان کی حفاظت کرنے میں ان کو آباد کرنے میں پاک فوج سب سے آگے رہی، سیلاب آئے فصلیں تباہ ہوگئیں، مکان گر گئے، پاک فوج کے سپاہی پیش پیش رہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا بہت بڑا حصہ رہا۔












