17

امام خمینیؒ کا اسلامی انقلاب ظہور امام مہدیؑ تک جاری رہیگا، ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان

  • News cod : 34999
  • 04 ژوئن 2022 - 18:42
امام خمینیؒ کا اسلامی انقلاب ظہور امام مہدیؑ تک جاری رہیگا، ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامه سيد شہنشاه حسین نقوی نے خلیج فارس کے بعض مسلم ممالک اور صہیونی حکومت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کسی مسلمان کو اسرائیل کو قبول کرنے کا حق نہیں ہے۔

اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کی 33ویں برسی کی مناسبت سے حسینیہ ایرانیان کراچی میں تقریب “یاد حضرت امام خمینیؒ” کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر کراچی میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی، نائب صدر ملی یکجہتی کونسل سندھ علامہ قاضی احمد نورانی، بزرگ عالم دین آیت اللہ غلام عباس رئیسی، صدر جامعه المصطفیٰ العالمیه حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر تہرانی، عالمی انجمن اتحاد امت مشن کے صدر شاہ فیروز الدین رحمانی، تحریک منہاج القرآن سندھ کے صدر عامر خواجہ، رکن سندھ اسمبلی محمد عباس جعفری سمیت مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے حضرت امام خمینیؒ کی 33ویں برسی کے موقع پر تعزیت پیش کرتے ہوئے عاشورا کے قیام کے راز کو شہداء کا پاکیزہ خون اور شہداء کا الٰہی مقصد قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح امام خمینیؒ کے قیام کا آغاز تقریباً 60 سال قبل ایران میں مدرسہ فیضیہ کے طالب علموں کے پاکیزہ خون سے ہوا اور آخر تک عوام کی جدوجہد سے مسلط کردہ جنگ کو شہداء کے خون سے کامیاب کر دیا۔ حسن نوریان نےکہا کہ امام خمینیؒ کا انقلاب سردار قاسم سلیمانی شہید جیسے ساتھیوں کے خون سے ان کی زندگی میں جاری ہے اور حضرت امام زمان علیہ السلام کے ظہور تک جاری رہے گا۔ ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ کی رحلت کے بعد ایک صحیح جانشین اور لائق رہنماء ہمارے ملک پر رہبری کر رہا ہے، رہبر معظم انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اپنے تمام الفاظ کے ساتھ ہمت، استقامت اور صراحت کے ساتھ دنیا کے ظالموں کے سامنے کھڑے ہوئے ہیں اور وہ ہمیشہ ہمیں حضرت امام خمینیؒ کی اسی ثابت قدمی اور جرأت کی یاد دلاتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامه سيد شہنشاه حسین نقوی نے خلیج فارس کے بعض مسلم ممالک اور صہیونی حکومت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کسی مسلمان کو اسرائیل کو قبول کرنے کا حق نہیں ہے، ایک جنگجو اور سیاسی رہنما کی حیثیت سے امام خمینیؒ کی قیمتی میراث، استکباریت کی مخالفت اور اسرائیل کی عدم قبولیت تھی، بدقسمتی سے ہم دیکھتے ہیں کہ بعض مسلم ممالک نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل تکبر کی علامت ہیں اور آج مسلمانوں بشمول شیعہ، سنی حتیٰ کہ پاکستان میں رہنے والے ہندوؤں کو بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی حق نہیں۔ علامه شہنشاہ نقوی نے دنیا کے آزاد لوگوں میں امام خمینیؒ کی فکر اور طرز عمل کو پھیلانے کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ حضرت امام خمینیؒ نے اپنے طرز عمل اور کردار سے ہماری رہنمائی کی، مسلم اور غیر مسلم ان سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال لاہوری اور امام خمینی (رح) عالم اسلام کی دو تکمیلی ہستیاں ہیں، جنہوں نے مسلمانوں کے درمیان ایمان اور اتحاد کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کی ایک اور نمایاں خصوصیت ان کا اخلاص اور دیانت داری تهی، انہوں نے تمام معاملات میں خدا کو دیکھا، وہ ترقی پسند شخصیت کے مالک تھے اور خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کرتے تھے، امام خمینیؒ کی نظر میں یہ ان کی مائیں اور ان کے پاکیزہ بچے تھے، جنہوں نے انقلاب کو اس فتح تک پہنچایا۔

جامعه المصطفیٰ العالمیہ کراچی برانچ کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر تہرانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخلاص اور خدا کیلئے قیام امام خمینیؒ کی فتح کی کنجیوں میں سے ایک ہے، جس نے فتح حاصل ہوئی۔ رکن سندھ اسمبلی محمد عباس جعفری نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران دنیا کا ایک منفرد انقلاب ہے، جس کی قیادت سیاسی اور سماجی مسائل میں ایک ماہر اسلامی شخصیت کر رہے تھے۔ عالمی انجمن اتحاد امت مشن کے صدر فیروز الدین رحمانی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے ایک ایسے انقلاب کی قیادت کی، جسے دنیا کبھی فراموش نہیں کرے گی، پاکستانی عوام ہمیشہ ایرانیوں سے محبت اور دوستی کا مظاہرہ کرتے ہیں، کیونکہ انقلاب کا اصل پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔ بول نیوز ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے صدر نذیر لغاری نے دشمنوں کی جانب سے تباہی کی کوششوں کے باوجود ایران میں اسلامی انقلاب کے استحکام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انقلاب پاکیزہ تھا اور اس کے بعد عالمی انقلابات کو بھی جذبہ دلایا۔ علامہ قاضی احمد نورانی نے فلسطینی عوام کیلئے حضرت امام خمینیؒ کی غیر متزلزل حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا فلسطینی عوام کو تنہا چھوڑ چکی تھی، امام خمینیؒ نے فلسطینیوں کو متاثر کر کے صیہونی حکومت کے خلاف تحریک مزاحمت کو زندہ کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=34999