9

عوام اورمقدس مقامات کے مابین اختلاف ڈالنا صیہونیت کی ایک نئی سازش ہے؛متولی حرم رضوی کا بیان

  • News cod : 35091
  • 07 ژوئن 2022 - 13:55
عوام اورمقدس مقامات کے مابین اختلاف ڈالنا صیہونیت کی ایک نئی سازش ہے؛متولی حرم رضوی کا بیان
حقانیت کی راہنمائی کا مرکز ہونے کی وجہ سے استکباری حملے انہوں نےمقدس مقامات کو حقانیت کی راہنمایی کا مرکز جانتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے مقدس مقامات پر استکبار اور سامراج کی جانب سے حملے ہو رہے ہیں۔

وفاق ٹائمز، حرم امام علی رضا علیہ السلام کے متولی نےمقدس مقامات کو حقانیت کی راہنمایی کا مرکز اور ظالمانہ نظام کی راہ میں اہم رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہی وجوہات کی بناپر مقدس مقامات پر استکبار اور سامراج کی طرف سے حملے ہو رہے ہیں،انہوں نے عوام اور مقدس مقامات کے مابین اختلاف اور تفرقہ ڈالنے کو صیہونیت کی ایک نئی سازش قرار دیا۔
شہر مقدس قم میں یوم ولادت حضرت معصومہ(س)اور عشرہ کرامت کے آغاز کی مناسبت سے خطبہ خوانی کے روایتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا،جس میں حرم امام علی رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عراق و ایران کے مقدس مقامات کے نمائندوں کی موجودگی میں عشرہ کرامت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر آبادان کے میٹروپل پر گرنے والی عمارت کے سانحہ میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور مرحومین کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کی جانب سے آبادان شہر میں ہونے والے واقعہ کے مجرموں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور سزا دینے پر تاکید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کواس اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو ایسا سبق سکھانا چاہئے کہ مستقبل میں کوئی اس طرح کے واقعات تکرار کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
حرم امام علی رضا(ع) کے متولی نے حضرت معصومہ(س) کی زیارت کی فضیلت پر روشنی ڈالی اور امام رضا(ع) اور امام صادق(ع) سے روایت نقل کرتے ہوئے کہا کہ معصومین علیہم السلام سے نقل ہونے والی روایات سے اس با عظمت بی بی کی قدر و منزلت کا پتہ چلتا ہے ،روایات میں حضرت معصومہ (س) کی زیارت کوامام رضا(ع) کی زیارت کے برابر قرار دینے کے ساتھ زیارت کا ثواب بہشت قرار دیا گیا ہے۔

حضرت فاطمہ معصومہ(س) کی اہم خصوصیات
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے حضرت معصومہ(س) کی دو اہم خصوصیات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ حضرت معصومہ(س) کی پہلی اہم خصوصیت یہ ہے کہ آپ الہیٰ علم سےبہرہ مند تھیں اور یہ وہ علم ہے جس کے بارے میں امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں’’یہ وہ نور ہے جس کے دل میں خدا چاہتا ہے ڈال دیتا ہے‘‘۔
انہوں نے دوسری اہم خصوصیت کو حضرت معصومہ (س) کی معصومیت اور باطنی طہارت جانتے ہوئے کہا کہ لقب’’معصومہ‘‘وہ لقب ہے جسے حضرت امام علی رضا علیہ السلام نے جو کہ حجت خدا ہیں عطا فرمایا۔

حضرت امام خمینی (رہ) نے ایرانی قوم میں خود اعتمادی کے جذبہ کو زندہ کیا
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے اس سال امام خمینیؒ کی برسی کو ایّام ولادت امام رضا(ع) کے ساتھ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ خدا کے نیک بندے تھے جنہوں نے حقیقی معنوں میں امت اسلامیہ،ایران،ایرانیوں اور شیعوں کو عزت و کرامت بخشی؛ وہی کرامت اور عزت و شرافت جو خدائی اور قرآنی ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے ظلم و استبداد کے خلاف حضرت امام خمینیؒ کی روشن خیالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیپچولیسم بل کے مطابق اگر کوئی امریکی نوکرکسی ایرانی مجتہد یا ملک کے اہم منصب پر فائز کسی شخص کی توہین اور اس سے خیانت کرتا تو ایرانی پولیس کو اسے پکڑنے کا کوئی حق نہ تھا اور ایرانی عدالتوں میں اس امریکی نوکر کو سزا نہیں دی جا سکتی تھی لیکن اگر کسی امریکی کتے کی نسبت بھی کوئی ایرانی کوئی ظلم کرتا تو پولیس اس شخص کو پکڑ کر سزا دلواتی،ایران کو اس وقت کے طاغوت نے اتنا زیادہ پست کردیا تھا۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کا کہنا تھاکہ حضرت امام خمینیؒ نے ایرانی قوم میں خدا پر اعتماد اور خود اعتمادی کے جذبہ کو زندہ کیا اور اسی جذبہ کی وجہ سے دفاع مقدس کے آٹھ سال عزت و وقار سے گزارے اور اپنے وطن کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دیا۔

حقانیت کی راہنمائی کا مرکز ہونے کی وجہ سے استکباری حملے
انہوں نےمقدس مقامات کو حقانیت کی راہنمایی کا مرکز جانتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے مقدس مقامات پر استکبار اور سامراج کی جانب سے حملے ہو رہے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے اس بات پر زور دیا کہ انسان کی حقیقی عزت و کرامت کو مکتب پیغمبر اسلام(ص) اور اہلبیت اطہار(ع) میں دیکھا جا سکتا ہے ، انسانیت کے دشمن وہی انسان ہیں جوقوموں پر ظلم و جبر کرتے ہیں یہی افراد چاہتے ہیں کہ حضرات معصومین علیہم السلام کے مزارات اور لوگوں میں اختلاف و تفرقہ ڈالیں۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے استکبار کی مقدس مقامات سے دشمنی کی ایک وجہ انسانوں کوصحیح زندگی گزارنے کی طرف راہنمائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اسکتبار اور صیہونیزم اپنے تمام وسائل وذرائع اور میڈیا کے ذریعہ ان مقدس مقامات کو ختم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ جانتے ہیں کہ جب تک ان پاک ہستیوں سے متمسک رہیں گے ہمیں غلبہ حاصل نہیں ہوسکتا ،اس لئے کبھی داعش کی تأسیس سے اسلامو فوبیا کی تحریک چلاتے ہیں اور کبھی فلم،آرٹ اور میڈیا کے ذریعہ مقدس مقامات سے جنگ کرتے ہیں لیکن یہ جان لیں کہ’’ يُرِيدُونَ لِيُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِهِ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ‘‘
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پروگرام کے اختتام پر حرم امام رضا(ع) کے گنبد کا پرچم اور ضریح مطہر کی چادر بھی حرم حضرت معصومہ(س) کے متولی کو ہدیہ کی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=35091