وفاق ٹائمز،سرگودھا گوجرانولہ چکوال سکھر خیر پور کراچی لاہور اور پارہ چنار سے آئے ہوئے وفود نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے مومنین کو نصیحت فرمائی۔
مرجع عالی قدر نے مومنین کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ کم از کم روزانہ ایک مرتبہ محاسبہ کرنا حصول تقوی کے لیے پہلا قدم ہے۔ محاسبے کا بہترین وقت رات سونے سے پہلے کا ہے۔
مزید برآں مرجع عالی قدر دام نے فرمایا کہ محاسبہ یہ کہ انسان تفکر کرے کہ آج جب اس نے تکیہ سے سر اٹھایا تھا ،تو اس وقت سے لے کر اب تک کیا کیا انجام دیا ہے۔اگر اس کو نیکی کی توفیق ملی تو اس پر خدا کا شکر ادا کرے اور نیک اعمال کی قبولیت کی دعا کرتا رہے۔اگر اس سے کوئی گناہ سرزد ہوا تو رو رو کر اللہ سے معافی مانگے اگر اس نے کسی پرظلم و زیادتی کی ہے تو اس سے معافی مانگے۔
مرجع عالی قدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر وہ اس سے معافی نہیں مانگتا تو قیامت کے دن رسوا ہونے کے لیے اور اپنی نیکیوں کی بربادی کے لیے تیار رہے۔
لہذا ضرورت اس امر کی ہے انسان اپنے گناہوں کی معافی رو رو کر خدا سے طلب کرے اور جس مومن پر بھی زیادتی ہے اس کو راضی کرے۔
آخر پر مرجع عالی قدر نے فرمایا ایسا ہر روز کرنا انسان کو متقی بنا دیتا ہے۔
دوسری جانب آئے ہوئے وفود نے قیمتی وقت دینے پر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔












