10

آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہ کی جائے،وزیراعظم

  • News cod : 3732
  • 04 نوامبر 2020 - 14:29
آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہ کی جائے،وزیراعظم
حوزہ تائمز|وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہیں ہونی چاہیے، پیغمبرِ اسلام رسول کریم ﷺ کی شان میں توہین کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔

حوزہ تائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہیں ہونی چاہیے، پیغمبرِ اسلام رسول کریم (ص) کی شان میں توہین کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے بوسنیا ہرزیگونیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفر ووچ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بوسنیا کے ساتھ پاکستان تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی مؤقف کی تائید پر بوسنیا کے شکرگزار ہیں۔ دونوں ملکوں نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر بات کی ہے۔ پیغمبرِ اسلام رسول کریم (ص) کی شان میں توہین کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا، رسول کریم (ص) کی ذات کی حرمت مسلمانوں کے لیے بہت اہم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ گستاخانہ مواد کی تشہیر کی مذمت کرتے ہیں۔

صدر بوسنیا ہرزیگووینا شفیق جعفر ووچ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہوئی ہے، اقوام متحدہ امن مشن کے تحت پاکستانی دستوں نے بوسنیا میں اہم کردار ادا کیا۔

شفیق جعفر ووچ نے کہا کہ ہم نے مختلف شبعوں میں دو طرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں ملکوں نے مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

صدر بوسنیا ہرزیگووینا نے مزید کہا کہ پاکستان اور بوسنیا میں خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں۔ بوسنیا میں جنگ کے دوران پاکستان کی امداد پر مشکور ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم پاکستان سے تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بہت مواقع ہیں۔

شفیق جعفر ووچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اہم مسئلہ ہے۔ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلے کا حل ضروری ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=3732