4

قم المقدس کے علماء اور طلباء کیجانب سے ایران میں حالیہ فسادات کی مذمت

  • News cod : 38791
  • 21 اکتبر 2022 - 18:31
قم المقدس کے علماء اور طلباء کیجانب سے ایران میں حالیہ فسادات کی مذمت
اپنے خطاب میں جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ دشمن نے لوگوں کے عقائد کو تبدیل اور انہیں نظام مخالف کرنے کی چال چلی، مگر اُسے بُری طرح ناکامی ہوئی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران کے علمی دارالخلافہ قم المقدس میں علماء اور طلباء نے عظیم الشان اجتماع منعقد کیا۔ جس میں شرکاء نے انقلاب اسلامی کی حمایت اور حالیہ فسادات کی مذمت کی۔ یہ اجتماع حرم حضرت معصومہ (س) کے نزدیک جامع قدس پر منعقد ہوا۔ اس محفل میں حاضرین نے خوب نعرے بھی لگائے، “خون جو رگوں میں دوڑتا ہے، رہبر کا تحفہ ہے”، “فتنے سے بیزاری ہماری قوم کا نعرہ ہے”، “ولایت کی پیروی ہمارے لئے عزت ہے”، “الله اکبر، خامنه‌ای رهبر” جیسے نعرے لگا کر ولایت فقیہ سے اپنی محبت کا اعلان کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپاہ پاسدارن انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل حسین سلامی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں دشمن کی سیاست، اقدامات اور پالیسی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے لوگوں کے عقائد کو تبدیل اور نظام مخالف کرنے کی چال چلی، مگر اُسے بُری طرح ناکامی ہوئی۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ماضی کی نسبت بہت زیادہ مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ فکری طور پر بہت وسیع ہوچکا ہے، انقلاب اسلامی نے عالمی استکبار کو سفارتی اور سیاسی محاذ پر شکست دے دی ہے اور اسے عالم اسلام سے بھاگنے پر مجبور کر دیا ہے۔ سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ عالم اسلام مستکبران کیلئے میدان جہاد میں تبدیل ہوچکا ہے اور وہاں سے ان کے فرار کا سلسلہ جاری ہے، جو کہ امریکہ کے لئے قابل تحمل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اس تقریب کا انعقاد حوزہ علمیہ قم کے اساتذہ، ملک بھر کے مدرسوں کے انتظامی مرکز، مدارس میں فکری طور پر فعال اساتذہ اور تمام مدارس کے مراکز کی جانب سے کیا گیا تھا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=38791