2

سوانح حیات علامہ سید ذیشان حیدر جوادیؒ

  • News cod : 39306
  • 31 اکتبر 2022 - 15:03
سوانح حیات علامہ سید ذیشان حیدر جوادیؒ
شہر الہ آباد میں مدرسہ امامیہ انوارالعلوم آپ کی مستقل یادگار ہے جس کی ادارت کے فرائض آپ کے بڑے فرزند مولانا سید جواد الحیدر جوادی انجام دے رہے ہیں ـاس مدرسہ کی تاسیس سنہ 1985ء میں عمل میں آئی ـ

علامہ سید ذیشان حیدر جوادی 17/ستمبر 1938ء مطابق 22/ رجب المرجب 1357ھ بروز شنبہ، قصبہ کراری ضلع الہ آباد میں پیدا ہوئے ـ

آپ کے والد مولانا سید محمد جواد علم و فضل میں نمایاں شخصیت کے مالک تھے اور قصبہ جلالی ضلع علی گڑھ میں ایک مدت تک پیش نماز تھے ـ

آپ نے ابتدائی تعلیم خود کراری کے مدرسہ امجدیہ میں حاصل کی ـ

سنہ 1949ء میں مدرسہ ناظمیہ لکھنؤ میں داخل ہوئے ـ

اولاد

آپ کی اولاد میں تین بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔ بڑے فرزند مولانا سید جواد الحیدر جوادی اور مولانا سید احسان جوادی رہ علمائے دین میں سے ہیں۔

تعلیم اور اساتذہ

مدرسہ ناظمیہ کی تعلیم کے اختتام کے بعد درجہ اجتہاد کے حصول کے لیے سنہ 1955ء میں آپ نجف اشرف (عراق) چلے گئے ـ

نجف اشرف میں تقریباً دس سال تحصیل علم میں صرف کیے اور شہید خامس آیت اللہ سید محمد باقر الصدر، آیت اللہ سید ابو القاسم خوئی، آیت اللہ سید محسن طباطبائی حکیم، شہید محراب آیت اللہ سید اسداللہ مدنی تبریزی، آیت اللہ شیخ محمد تقی آل راضی، آیت اللہ حسین راستی کاشانی نیز آیت اللہ محمد علی مدرس افغانی سے کسب فیض کیا، خصوصا آیت اللہ سید محمد باقر الصدر آپ پر بہت مہربان تھے۔

نجف اشرف میں آپ کے اساتذہ

اساتذہ عراق

1 آیت اللہ سید محمد باقر الصدر

2 آیت اللہ سید ابو القاسم خوئی

3 آیت اللہ سید محسن طباطبائی حکیم

4 شہید محراب آیت اللہ سید اسداللہ مدنی تبریزی

5 آیت اللہ محمد علی مدرس افغانی

6 آیت اللہ شیخ محمد تقی آل راضی

7 آیت اللہ حسین راستی کاشانی

سنہ 1965ء میں آپ ہندوستان واپس آئے اور تقریباً 1978ء تک الہ آباد کی مسجد قاضی صٓاحب میں پیش نمازی کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف کا کام انجام دیا ۔

تصنیف و تالیف

قارئین کی سہولت کے لیے علامہ جوادی کی کتب کی فہرست کو یہاں پر جدول کی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے :

تراجم اور شروح

1۔ ترجمہ و تفسیر قرآن مجید (انوار القرآن)

2۔ تالیف و ترجمہ احادیث قدسیہ

3۔ ترجمہ و شرح صحیفہ سجادیہ امام زین العابدین علیہ السلام

4۔ ترجمہ و شرح نہج البلاغہ علامہ سید شریف رضی

5۔ ترجمہ مفاتیح الجنان محدث شیخ عباس قمی

6۔ اسرار آل محمد (کتاب سلیم بن قیس ہلالی) سلیم بن قیس ہلالی

7۔ ہمارے اقتصادیات آیت اللہ سید محمد باقر الصدر

8۔ اسلامی بینک آیت اللہ سید محمد باقر الصدر

9۔ فدک (تاریخ کی روشنی میں) آیت اللہ سید محمد باقر الصدر

10۔ تشیع اور اسلام آیت اللہ سید محمد باقر الصدر

11۔ انوار عصمت (الخصال کا خلاصہ) شیخ صدوق

12۔ ہماری عزاداری علامہ عبد الحسین امینی

13۔ شہداء الفضیلۃ علامہ عبد الحسین امینی

14۔ امام جعفر صادق اور مذاہب اربعہ علامہ اسد حیدر

15۔ نظریہ عدالت صحابہ علامہ احمد حسین یعقوب

16۔ ابوطالب مومن قریش علامہ عبداللہ خنیزی

17۔ اہل بیت (قرآن و سنت کی روشنی میں) آیت اللہ محمد محمدی ری شہری

18۔ نص و اجتہاد علامہ سید شرف الدین موسوی عاملی

19۔ فلسفہ انقلاب امام حسین علامہ شیخ یحیی نوری

20۔ تہذیب قلب و نظر علامہ حسین بن محمد حلوانی

21۔ مکاتب خلافت و امامت کے امتیازی نشانات علامہ سید مرتضی عسکری

22۔ خطائے اجتہادی کی کرشمہ سازیاں علامہ سید مرتضی عسکری

23۔ مجھے راستہ مل گیا علامہ محمد تیجانی سماوی

24۔مرآۃ الرشاد علامہ شیخ عبد اللہ مامقانی

25۔ احکام شرعی آیت اللہ العظمی سید ابوالقاسم موسوی خوئی

تصانیف

1۔ نقوش عصمت

2۔مطالعہ قرآن

3۔اصول و فروع

4۔ذکر و فکر

5۔ قمر بنی ہاشم

6۔ اصول علم الحدیث

7۔ علم رجال

8۔ فروع دین

9۔ خاندان اور انسان

10۔ کربلا

11۔ نماز (قرآن و سنت کی روشنی میں)

12۔ پردہ (قرآن و سنت کی روشنی میں)

13۔ حی علی الصلاہ

14۔ حی علی الفلاح

15۔ عورت اور شریعت

16۔ اسلام کا مالیاتی نظام

17۔ اسلام کے تقاضے

18۔ اعمال ماہ رمضان المبارک

19۔ اعمال روز عاشوراء

20۔ اجتہاد و تقلید

21۔ فتنہ صحابیت

22۔ پاکیزہ معاشرہ

کتب مجالس بہ شکل تصنیف

1۔ محافل و مجالس (حصہ اول)

2۔ محافل و مجالس (حصہ دوم)

3۔ عرفان رسالت

4۔ اسلام دین عقیدہ و عمل

5۔ بضعۃ الرسول

کتب مجالس بہ شکل مجموعہ تقاریر

1۔ عقیدہ و جہاد

2۔ کربلا شناسی

3۔ رسالت الٰہیہ

4۔ حسین منی

5۔ انا من حسین

6۔ خلق عظیم

7۔ توحید (زندگی کا آخری عشرہ مجالس)

اشعار کے مجموعے

1۔ سلام کلیم

2۔کلام کلیم

3۔ پیام کلیم

4۔ بیاض کلیم

شروع میں آپ کی کتابیں الہ آباد میں مذہبی دنیا نامی ادارہ سے شائع ہوا کرتی تھیں ،ـ بعد میں ادارہ تنظیم المکاتب لکھنؤ سے شائع ہونے لگیں ـ

آپ کی خدمات

شہر الہ آباد میں آپ کی خدمات

سنہ 1965ء میں آپ نجف اشرف سے واپس آئے اور تقریبًا 1978ء تک الہ آباد کی مسجد قاضی صٓاحب میں پیش نمازی کے ساتھ ساتھ بہت سی دینی خدمات انجام دیں ـ

الہ آباد میں مذہبی معاشرہ کی تشکیل میں آپ کا نمایاں کردار ہے ـ

آپ نے کار خیر اور تنظیم خمس و زکوۃ نامی دو ادارے بھی قائم کیے جن کے ذریعہ اہل ثروت سے حقوق شرعیہ حاصل کرکے نادار لوگوں کی حاجتیں پوری کی جاتی تھیں ـ

مدرسہ امامیہ انوارالعلوم

شہر الہ آباد میں مدرسہ امامیہ انوارالعلوم آپ کی مستقل یادگار ہے جس کی ادارت کے فرائض آپ کے بڑے فرزند مولانا سید جواد الحیدر جوادی انجام دے رہے ہیں ـاس مدرسہ کی تاسیس سنہ 1985ء میں عمل میں آئی ـ

اب تک اس مدرسہ سے کثیر تعداد میں طلاب علوم دینیہ زیور علم سے آراستہ ہو کر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے قم اور نجف کے حوزات علمیہ میں پہونچ چکے ہیں اور بہت سے طلاب، ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ بیرونی ممالک میں تبلیغ دین میں مشغول ہیں ـ

علامہ جوادی اور ادارہ تنظیم المکاتب

علامہ جوادی اور بانی تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری

خطیب اعظم مولانا سید غلام عسکری کی محبت آپ کو کھینچ کر ادارہ تنظیم المکاتب میں لے آئی جہاں آپ پہلے کمیٹی کے رکن رہے، پھر نائب صدر اور آخر میں صدارت کے لیے منتخب ہوئے ـ

ادارہ کے پندرہ روزہ اخبار میں سوالات کے جوابات کا صفحہ آپ سے مخصوص تھا ـ

ابوظبی میں قیام

سنہ 1978ء میں مومنین ابوظبی کی دعوت پر تبلیغ دین کی خاطر آپ مستقل طور پر ابوظبی میں سکونت پزیر ہو گئے جہاں آپ مسجد رسول اعظم کے پیش نماز تھے اور وہیں رہ کر آپ نے اہم کتابوں کی تصنیف کا کام انجام دیا ـ اسی دوران آپ نے یورپ، امریکا، افریقہ، کناڈا اور دنیا کے دیگر ممالک میں تبلیغ دین کی خاطر سفر کیے ـ

شیعہ فقہ کی روشنی میں آپ کثیرالسفر ہونے کی بنا پر نماز مکمل پڑھتے تھے ـ

سنہ 1998ء تک آپ کا قیام ابوظبی میں رہا ـ

جب بھی آپ الہ آباد آتے تھے تو ہمیشہ نماز ظہرین اپنے مدرسہ، انوارالعلوم میں ہی پڑھاتے تھے اور بعد نماز طلاب سے قرآن و حدیث سے متعلق سوالات کرتے تھے اور اکثر اوقات مختلف موضوعات پر طلاب سے مقالات لکھواکر انہیں انعامات سے نوازتے تھے،ـ اس طرح طلاب میں مزید علم دین کا شوق پیدا ہوتا تھا ـ

مجموعہ سوالات

علامہ جوادی عام طور پر ابوظبی سے ہر مہینہ الہ آباد آیا کرتے تھے ـ جب بھی آپ الہ آباد آتے تھے تو آپ کے مدرسہ کے بعض طلاب تحریری طور پر آپ سے سوالات کرتے تھے اور آپ حسب فرصت سوالوں کے نیچے دی ہوئی خالی جگہ میں تمام سوالات کا اطمینان بخش جواب تحریر کر کے واپس کردیتے تھے ـ

آپ کے جوابات کی ایک خاص بات یہ تھی کہ ایک ہی سوالنامہ میں آپ ہر سوال کے جواب سے پہلے جداگانہ باسمہ سبحانہ ضرور لکھتے تھے ـ

ایران سے رابطہ

انقلاب اسلامی کے بعد ایران کے علمی حلقوں میں آپ کا بہت وقار تھا ـ لندن اور ایران وغیرہ میں منعقد ہونے والی اسلامی کانفرنسوں میں آپ کو ہمیشہ دعوت دی جاتی تھی اور فصیح عربی زبان میں آپ کی تقاریر بہت پسند کی جاتی تھیں ۔

آپ کی وفات سے کچھ عرصہ قبل، ایران کے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے آپ کی علمی اور تبلیغی خدمات سے متاثر ہو کر آپ کو مہاراشٹر اور جنوبی ہندوستان کے لیے اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا اور اسی وجہ سے آپ سنہ 1998ء میں ابوظبی چھوڑ کر بمبئی منتقل ہو گئے تھے ـ وہاں آپ نے ادارہ اسلام شناسی قائم کیا تھا ۔

جب آپ ابوظبی سے بمبئی کے لیے روانہ ہوئے تو مومنین ابوظبی نے آپ سے وعدہ لیا تھا کہ ہرسال محرم کے پہلے عشرہ اور ماہ رمضان میں شبہای قدر کی مجالس آپ ابوظبی میں ہی خطاب کریں گے ۔

اس وعدہ پر عمل کرتے ہوئے آپ 1421ھ کے محرم میں بھی ابوظبی گئے تھے ۔

وفات اور مدفن

1421ھ کے محرم میں عاشور کے روز حسب معمول آپ نے اعمال کرائے ـ مجلس شہادت پڑھی،ـ نماز ظہرین پڑھائی ـ جلوس عزا کی قیادت کی ۔

فاقہ شکنی کے بعد آپ استراحت کے لیے اپنی بیٹی کے گھر چلے گئے، وہاں طبیعت خراب ہونے لگی تو ایمبولینس کے لیے فون کیا گیا، جب تک ایمبولینس آئی آپ کا انتقال ہو چکا تھا ـ ابوظبی میں وہ عاشور کا دن تھا اور ہندوستان میں اس دن محرم کی نو تاریخ تھی ۔

جنازہ ہوائی جہاز کے ذریعہ دہلی اور وہاں سے لکھنؤ پہنچا ۔لکھنؤ سے جیپ کے ذریعہ الہ آباد لایا گیا۔

مجیدیہ اسلامیہ انٹرکالج کے میدان میں مولانا سید علی عابد الرضوی نے نماز جنازہ پڑھائی اور ہندوستانی اعتبار سے 12/ محرم 1421ھ مطابق 18/ اپریل سنہ 2000ء کو محلہ دریا آباد کے قبرستان میں ماں کے پہلو میں آپ کو سپرد لحد کیا گیا۔

 

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39306