12

اصغریہ اسٹوڈنٹس کا 53واں سالانہ مرکزی کنونشن، حسن جواد اصغری نئے مرکزی صدر منتخب

  • News cod : 42189
  • 01 ژانویه 2023 - 11:20
اصغریہ اسٹوڈنٹس کا 53واں سالانہ مرکزی کنونشن، حسن جواد اصغری نئے مرکزی صدر منتخب
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کا انعقاد، حسن جواد اصغری اکثریت رائے سے نئے مرکزی صدر منتخب ہوگئے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کا انعقاد، حسن جواد اصغری اکثریت رائے سے نئے مرکزی صدر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 53واں سالانہ مرکزی ’’اتحاد امت و استحکام پاکستان‘‘ کنونشن و یوم سیدۃ النساء العالمین سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا ثقافتی مرکز بھٹ شاہ ضلع مٹیاری سندھ میں منعقد ہوا، مرکزی کنونشن کی صدارت بزرگ عالم دین مولانا حیدر علی جوادی نے کی. پہلے روز باجماعت نماز مغربین کے بعد اجتماعی دعائے کمیلؒ کا انعقاد کیا گیا، تلاوت مولانا غلام رضا عابدی نے کی۔ وفقہ طعام کے بعد مرکزی کنونشن کی پہلی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد اے ایس او کے مرکزی صدر ثقلین علی جعفری نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی و شرکاء کنونشن کا شکریہ ادا کیا۔ کنونشن کے پہلے روز مولانا علی نقی ہاشمی نے حالات حاضرہ سے متعلق خطاب کیا۔ پہلی نشست کے دوران اضلاع، ڈویژنز اور مرکز کی سالانہ کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔

علامہ حیدر علی جوادی کی زیر صدارت سرپرست کونسل کے اہم اجلاس میں مرکز کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گٸ، بعد ازاں نئے مرکزی صدر کے انتخاب کیلئے جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں یونٹ صدور، اضلاع، ڈویژنز اور مرکزی کابینہ کے عہدیداروں نے نئے مرکزی صدر کے انتخاب کیلئے ووٹ دیا۔ مرکزی کنونشن کے دوسرے اور آخری روز جلسہ عام بعنوان ’یومِ سیدۃ النساء العالمین فاطمہ زہرا (س)‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علامہ حیدر علی جوادی، مولانا رضا محمد سعیدی، علامہ میر مقصود علی ڈومکی، مولانا محمد محسن مھدوی، مولانا سید سبطین نقوی، مولانا پروفیسر محمد بخش چانڈیو، مولانا عرفان علی عرفانی، مولانا سجاد علی جوادی، مولانا سرفراز مہدی چانڈیو، انجینئر غلام رضا جعفری، استاد اخلاق احمد اخلاق، لطف علی مھدوی سمیت ملک بھر سے آئے جید علماء کرام اور دانشور حضرات نے خطاب کیا۔

جلسہ عام کے اختتام پر علامہ حیدر علی جوادی نے سال 2023ء کیلئے اکثریت رائے سے منتخب ہونے والے اصغریہ اسٹوڈنٹس کے نئے مرکزی صدر حسن جواد اصغری کے نام کا اعلان کیا، کارکنان نے بھرپور انداز میں نئے مرکزی صدر کا استقبال کرتے ہوئے انہیں اسٹیج تک پہنچایا، جس کے بعد علامہ حیدر علی جوادی نے نئے مرکزی صدر حسن جواد اصغری سے انکے عہدے کا حلف لیا۔ بعد ازاں نو منتخب مرکزی صدر حسن جواد اصغری نے شرکائے کنونشن سے خطاب اور مرکزی کابینہ کا اعلان کیا۔ مرکزی کنونشن کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=42189