11

ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے انتہائی جارحانہ فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان

  • News cod : 43358
  • 28 ژانویه 2023 - 13:20
ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے انتہائی جارحانہ فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے جس کے پیچھے مذہبی منافرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، ایسے وقت میں جہاں دنیا کو امن کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے وہاں عالمی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کرسکتی

وفاق ٹائمز، دفتر خارجہ نے ڈنمارک میں گزشتہ روز قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائی کو روکنے کے لیےاقدامات کیے جائیں۔ پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے انتہائی جارحانہ فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اسلاموفوبیا کا واقعہ ہے جو چند روز قبل سویڈن میں ہوا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متعدد بار اس طرح کے نفرت انگیز اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کے لیے آزادی اظہار کے حق کا غلط استعمال کی جارہا ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے جس کے پیچھے مذہبی منافرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، ایسے وقت میں جہاں دنیا کو امن کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے وہاں عالمی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ آزادی اظہار رائے ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، حکومت اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ واقعے سے متعلق پاکستان کے تحفظات ڈنمارک کے حکام کو پہنچائے جارہے ہیں۔ پاکستان نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے اور اس طرح کے اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائی کو روکنے کے لیےاقدامات کیے جائیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈنمارک میں بھی انتہائی دائیں بازو کے ڈینش سیاستدان راسموس پلودان نے قرآن پاک کے نسخے کو مسجد کے سامنے نذرآتش کردیا تھا، واقعے کے بعد ترکیہ حکام نے ڈنمارک کے سفیر کو طلب کر لیا تھا۔

افسوس ناک واقعے سے قبل 21 جنوری کو سویڈن میں ترکیہ سفارت خانے کے باہر ڈنمارک کے انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت کے رہنما کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی تھی۔ سویڈن، نیدرلینڈ اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان اور افغانستان سمیت ایران اور دیگر مسلم ممالک میں بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=43358