15

قم، جواد الائمہ اسلامک فاونڈیشن کے تحت جشن مولود کعبہ اور سینئیر استاد محمد رضا کی تجلیل کیلئے تقریب کا انعقاد

  • News cod : 43916
  • 09 فوریه 2023 - 16:31
قم، جواد الائمہ اسلامک فاونڈیشن کے تحت جشن مولود کعبہ اور سینئیر استاد محمد رضا کی تجلیل کیلئے تقریب کا انعقاد
چنداہ بلتستان سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم ماسٹر محمد رضا کی تعلیمی خدمات کو سراہنے کے لئے المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران میں زیر تعلیم ان کے شاگردوں اور جواد الائمہ اسلامک فاونڈیشن چنداہ مقیم قم کی جانب سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، چنداہ بلتستان سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم ماسٹر محمد رضا کی تعلیمی خدمات کو سراہنے کے لئے المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران میں زیر تعلیم ان کے شاگردوں اور جواد الائمہ اسلامک فاونڈیشن چنداہ مقیم قم کی جانب سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ماسٹر محمد رضا صاحب کا شمار ہزاروں طلباء کی علمی پیاس بجھانے والوں میں ہوتا ہے اور اس وقت آپ ہائی اسکول چنداہ سکردو میں ہیڈ ماسٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

علامہ ڈاکٹر شبیر فصیحی نے جشن مولود کعبہ اور تجلیلی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علم کی اہمیت، استاد کی عظمت اور ماسٹر محمد رضا کی تعلیمی خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان کی علمی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے استاد کو چنداہ میں علم کی شمع روشن کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ معاشرے کی ترقی اور پیشرفت استاد کی مرہون منت ہے، آج اگر کسی معاشرے میں علمی اور فکری ترقی ہے تو وہ اساتذہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

ڈاکٹر شبیر فصیحی نے کہا کہ ماسٹر محمد رضا صاحب استاد ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اہم سماجی اور ثقافتی شخصیت بھی ہیں۔ آپ کئی سالوں سے علاقۂ چنداہ سمیت بلتستان کے دیگر علاقوں میں بھی علمی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ماہر تعلیم جناب ماسٹر محمد رضا صاحب نے تقریب سے خطاب میں یہ بیان کرتے ہوئے کہ مجھے آج حوزه علمیه قم میں زیر تعلیم اپنے شاگردوں سے مل کر انتہائی خوشی ہوئی، کہا کہ علاقے کی علمی اور فکری ترقی میں آپ علماء کرام کا کردار بے نظیر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ آئندہ بھی آپ معاشرے کی علمی اور فکری ترقی کیلئے کوشاں رہیں گے۔

آخر میں استاد محترم رضا صاحب کو جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن چنداہ مقیم قم کی جانب سے ان کی علمی اور تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=43916