3

علامہ رمضان توقیر کی ایرانی قونصلر جنرل سے ملاقات، ہیلی کاپٹر حادثہ پر تعزیت

  • News cod : 55758
  • 23 می 2024 - 13:09
علامہ رمضان توقیر کی ایرانی قونصلر جنرل سے ملاقات، ہیلی کاپٹر حادثہ پر تعزیت
علامہ محمد رمضان توقیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کے لئے یہ بہت بڑا سانحہ ہے، سید ابراہیم رئیسی دیگر اسلامی ممالک اور بالخصوص فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور حمایت کر رہے تھے۔

وفاق ٹائمز، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے سانحہ ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر ایرانی قونصلیٹ پشاور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے علی بنفش خوا ایران قونصل جنرل پشاور سے ملاقات کی۔ انہوں نے سانحہ ہیلی کاپٹر پر افسوس کا اظہار کیا اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر رفقاء کی شہادت پر تعزیت پیش کی، سابق ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ڈی آئی خان مولانا کاظم حسین مطہری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کے لئے یہ بہت بڑا سانحہ ہے، سید ابراہیم رئیسی دیگر اسلامی ممالک اور بالخصوص فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور حمایت کر رہے تھے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں قرآن کریم بلند کر کے تحفظ و حرمت قرآن اور اسلامی اقدار کا بھر پور انداز میں پرچار اور دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی ایران کے صدر کے علاوہ امت مسلمہ کے ایک نڈر اور بے باک لیڈر تھے، جنہوں نے استعمار کو لکارا ہے۔ شہید قاسم سلیمانی کے بعد ابراہیم رئیسی رہبر معظم کے بااعتماد اور مخلص ساتھی تھے، ان کی شہادت سے پیدا ہونے والے خلا کا پر ہونا ناممکن ہے۔ ملت ایران ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گئی ہے، رہبر معظم اور ملت ایران کو اس سانحہ پر تعزیت پیش کرتے ہیں۔ قونصل جنرل علی بنفش خواہ نے علامہ رمضان توقیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ طویل سفر کرکے ہمارے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے حاضر ہوئے ہیں، ملت ایران اور خانوادہ شہداء کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر علامہ رمضان توقیر نے یاداشت میں ابراہیم رئیسی کے بارے میں تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کلمات درج کئے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=55758