14

جنگ آزادی گلگت بلتستان کے ہیرو وزیر امین انتقال کر گئے، انجمن امامیہ کی جانب سے اظہار تعزیت

  • News cod : 5682
  • 15 دسامبر 2020 - 16:08
جنگ آزادی گلگت بلتستان کے ہیرو وزیر امین انتقال کر گئے، انجمن امامیہ کی جانب سے اظہار تعزیت
حوزہ ٹائمز|جنگ آزادی گلگت بلتستان کے ہیرو وزیر امین (غازی) قضائے الہی سے انتقال کر گئے۔

حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جنگ آزادی گلگت بلتستان کے غازی اور معرکہ پدم کے ہیرو محمد امین سندوس طویل علالت کے بعد قضاے الہی سے وفات پاگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ حجت الاسلام علامہ شیخ علی جوہری نے پڑھائی اور ان کی جسد خاکی کو سندوس کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ جنازے میں صوبائی وزیر زراعت محمد کاظم میثم اور رکن جی بی اسمبلی شہزاد آغا کے علاوہ مختلف طبقہ کی نمائندگی کرتے ہوے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق انجمن امامیہ کا ایک وفد صدر انجمن حجہ الاسلام والمسلمین آغا باقر الحسینی کے ہمراہ وزیر امین مرحوم کے گھر آمد اور جنگ آزادی کے اس عظیم ہیرو کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رحلت سے بلتستان ایک بہادر اور بزرگ شخصیت سے محروم ہوگیا ہے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااور مرحوم کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔


انجمن امامیہ سکردو نے غم کی اس گھڑی میں کی پسماندگان سے دلی تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔ اور آخر میں مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی ۔

محمد امین کا تعلق سندوس کے نمبردار خاندان سے تھا۔ ان کے والدین سندوس سے جاکرشملہ میں فروکش ہوے تھے اور محمد امین نے 1935 میں شملہ میں زندگی کی آنکھ کھولی۔ 1940 میں والدین محمد امین اور ان کے دیگر چاربڑے بھائیوں نمردار غلام حسن، غلام مہدی، ہاشم اور سلیم کو ساتھ لیکر واپس سکردو آے لیکن چند ہی سال بعد ان کے والد دوبارہ سرینگر کشمیر چلے گئے۔ 1946 میں نمبردار محمد نے اپنے چھوٹے بیٹے محمد امین اور ان کی والدہ کو بلا کرکشمیر سرینگر لے گئے۔ 1947 میں جب تحریک پاکستان نے زور پکڑ لی تو نمبردار غلام حسن اپنے والدین اور بھائی محمد امین کو لینے سرینگر گئے۔ والدین تو واپس نہیں آے لیکن محمد امین کو نمبردار غلام حسن اپنے ساتھ سکردو آئے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=5682