3

شہداء کے مقدس لہو سے آزادی کی تحریکوں میں نئی جان اور تڑپ پیدا ہوتی ہے

  • News cod : 57837
  • 30 سپتامبر 2024 - 11:02
شہداء کے مقدس لہو سے آزادی کی تحریکوں میں نئی جان اور تڑپ پیدا ہوتی ہے
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: سید حسن نصر اللہ نے اتنی بڑی قربانی دے کر بجا طور پر فلسطین کی نصرت کا حق ادا کر دیا۔ شہیدوں کے مقدس لہو سے آزادی کی تحریکوں میں نئی جان اور تڑپ پیدا ہوتی ہے۔

وفاق ٹائمز، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف حسین واحدی نے حزب اللہ کے سربراہ،اسرائیل کے مقابلے میں مزاحمتی محاذ کے روح رواں جناب سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر درندہ صفت اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: غزہ اور لبنان میں ظلم اور بربریت کے ذمہ دار وہ مسلم حکمران بھی ہیں جو ان حالات میں بھی خاموشی اختیار کر کے اسرائیل کے سرپرستوں سے وفاداری نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: سید حسن نصر اللہ عالم اسلام کا قیمتی اثاثہ اور اسرائیل کے مقابلے میں فلسطینیوں کے بہت بڑی حامی تھے۔ وہ اسرائیلی ظلم و ستم کے مقابلے میں بے پناہ جرأت و استقامت مثال تھے۔ وہ قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لئے مزاحمتی تحریک کی قیادت جس بہادری اور حکمت عملی سے کر رہے تھے اس پر ان کو پورا عالم اسلام بلکہ دنیا کا ہر مظلوم اور حریت پسند ان کو سراہ رہا ہے اور خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: سید حسن نصر اللہ نے اتنی بڑی قربانی دے کر بجا طور پر فلسطین کی نصرت کا حق ادا کر دیا۔ شہیدوں کے مقدس لہو سے آزادی کی تحریکوں میں نئی جان اور تڑپ پیدا ہوتی ہے۔ شخصیات کے اٹھ جانے سے نظریہ اور مشن ختم نہیں ہوتا۔ انشاءاللہ شہید بزرگوار حسن نصراللہ کا مقدس لہو رنگ لائے گا اور فلسطین و قدس کی آزادی کی یہ جدوجہد پوری قوت سے آگے بڑھتے ہوئے قدس کی آزادی اور اسرائیل کی بربادی تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا: اب وقت آگیا ہے کہ مسلم حکمران ملی و مذہبی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے سرپرستوں کی غلامی چھوڑیں اور مظلوموں کا ساتھ دیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: ہم سید حسن نصر اللہ کی دردناک شہادت پر رہبر معظم انقلاب حضرت خامنہ ای،ان کے محترم خانوادہ اور شہید کے تمام چاہنے والوں اور پیروکاروں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالٰی شہید بزرگوار اور ان کے شہید ساتھیوں کو شہداء کربلا کے ساتھ محشور فرمائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=57837