27

سید ساجد حسین شاہ شیعہ علماءکونسل وسطی پنجاب کے صدر منتخب

  • News cod : 58797
  • 24 نوامبر 2024 - 17:51
سید ساجد حسین شاہ شیعہ علماءکونسل وسطی پنجاب کے صدر منتخب
مرکزی نائب صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے نو منتخب صدر سے حلف لیا۔جس کے بعد سید ساجد حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا شیعہ علماءکونسل الٰہی تنظیم ہے، جس کی قیادت نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور قومی وقار کے لئے جدوجہد کی ہے۔

شیعہ علماءکونسل وسطی پنجاب کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ صوبائی کونسل کے ارکان نے کثرت رائے سے سید ساجد حسین شاہ کو صوبائی صدر منتخب کر لیا۔صوبائی کونسل کا اجلاس جامعہ منہاج الحسین جوہرٹاون میں منعقد ہوا۔ جس میں الیکشن کمیشن کے فرائض مرکزی نائب صدر معظم علی بلوچ نے سر انجام دیے۔ وسطی پنجاب کی صدارت کے لیے10 نومبر کوفیصل آباد میں ہونے والے انتخاب کے پہلے مرحلے کے بعد ساجد حسین شاہ اور قاسم علی قاسمی امیدوار تھے۔

مرکزی نائب صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے نو منتخب صدر سے حلف لیا۔جس کے بعد سید ساجد حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا شیعہ علماءکونسل الٰہی تنظیم ہے، جس کی قیادت نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور قومی وقار کے لئے جدوجہد کی ہے۔ اس تنظیم کی جڑوں میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی سمیت ہزاروں شہدا کا خون ہے۔

انہوں نے کہاوہ قائد ملت جعفریہ علامہ سیدساجد علی نقوی کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ پرانے طریقے چھوڑ کر تنظیم کو جدید طریقے سے چلائیں گے۔جس کے لئے سینیرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

علامہ سبطین سبزواری نے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن کسی کی ہار یا جیت نہیں، سب ملی امور میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ کی پالیسیوں کے مطابق عوام کی خدمت کریں او رقیادت کے دست و بازو بنیں۔ عہدہ کچھ نہیں اصل ذمہ داری عہدے کے تقاضے پورے کرنا ہے۔

قاسم علی قاسمی نے نو منتخب صدرکو ہار پہنایا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے دستور کے مطابق انتخابات میں ساجد حسین شاہ کا انتخاب خوش آئند ہے، وہ وسطی پنجاب میں قائد ملت جعفریہ کے نمائندے ہوںگے ، ہم ان کے ساتھ چلیں گے۔ انہوں نے جامعہ منہاج الحسین کے پرنسپل علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا اجلاس کے بہترین انتظامات پر شکریہ بھی ادا کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=58797

ٹیگز