وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قم میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کے دفتر کی جانب سے پاراچنار اور لبنان و فلسطین کے شہداء کے لیے مجلس ترحیم منعقد ہوئی۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں ہونے والی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر علامہ عارف واحدی نے کہا کہ شیعہ قوم نے ہر زمانے میں قربانی دی ہے۔شہیدوں کی قربانیوں سے بڑے سے بڑا ظالم بھی شیعہ کو شکست نہیں دے سکا ہے۔ ہم قرآن اور اہل بیت سے متمسک رہتے ہیں اسی لئے کامیابی ہمارے مقدر میں ہے اور شکست ہمارے دشمنوں کی سرنوشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بنی امیہ اور بنی عباس سے لے کر آج تک امریکہ اور اسرائیل جیسی طاقتوں نے تشیع کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن سب ناکام ہوئے۔ پاراچنار میں دشمن اپنے مذموم اہداف میں ناکام ہوں گے۔
علامہ واحدی نے کہا کہ ہم نے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے اہل سنت سے رابطہ کیا ہے۔ عنقریب بزرگ اہل سنت علماء کے ہمراہ ملی یکجہتی کونسل کا وفد پاراچنار جائے گا اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لبنان اور فلسطین میں صہیونی حکومت کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت پوری طاقت استعمال کرنے کے باوجود غزہ میں مقاومت کو ختم نہ کرسکی اور لبنان میں بھی صہیونی حکومت کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے وعدہ صادق 2 آپریشن میں اسرائیل کی کمر توڑ دی۔ پاکستانی دفاعی مبصرین ایران کے میزائل حملوں کو بہت کامیاب قرار دیتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں اسرائیل جوابی کاروائی کے لئے امریکہ کے سامنے منتیں کرتا رہا اور محدود پیمانے پر حملہ کیا جوکہ اس کی کامیابی نہیں بلکہ ناکامی ہے جس سے اس کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔