وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت پاراچنار کے عوام کے مطالبات تسلیم کرے، عوام اپنا ملک گیر پُرامن احتجاج جاری رکھے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائش چورنگی کراچی پر جاری مرکزی احتجاجی دھرنے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان ایک اپنی تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہا یے، ملک عوام کیلئے زندان بنا ہوا ہے، محب وطن عوام کو اغواء کرکے لاپتہ کر لیا جاتا ہے، کوئی جواب دہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں عوام کو سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا، ملک میں دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی بات کرنا جرم بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، راستوں کی بندش سے غذائی اشیاء اور ادویات کی کمی سے اموات ہو رہی ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاراچنار کے عوام کے مطالبات تسلیم کرے، عوام اپنا ملک گیر پُرامن احتجاج جاری رکھے۔












