20

شیعہ علماءکونسل کے زیر اہتمام القدس ریلی، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی،ناجائز اسرائیلی ریاست کے خاتمے کا مطالبہ

  • News cod : 60673
  • 29 مارس 2025 - 16:40
شیعہ علماءکونسل کے زیر اہتمام القدس ریلی، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی،ناجائز اسرائیلی ریاست کے خاتمے کا مطالبہ
قائد ملت جعفریہ کی اپیل پر شیعہ علما کونسل کی لاہور پریس کلب سے القدس ریلی کی قیادت صفی الحسنین شیرازی نے کی، شرکائے ریلی کی اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کی، مختلف قراردادیں منظور

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں شیعہ علماءکونسل کے زیر اہتمام یوم القدس منایا گیا۔ نماز جمعتہ الوداع کے بعد فرزندان اسلام نے القدس ریلیاںنکال کر مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اوراسرائیل کی ناجائز صیہونی ریاست کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی ہال تک نکالی جانے والی القدس ریلی کی قیادت جنرل سیکرٹری شیعہ علماءکونسل وسطی پنجاب سید صفی الحسنین شیرازی نے کی۔

شرکائے ریلی نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔اور مختلف قراردادوںکے ذریعے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا اورافسوس کا اظہار کیا گیا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے مگر امریکی سرپرستی کی وجہ سے اس کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جبکہ شام میں فلسطین کی حمایتی حکومت کو ختم کرکے اسرائیل کی سہولت کاری کی گئی ہے۔ایک قرارداد میں چندنام نہاد پاکستانی صحافیوں کے مبینہ اسرائیلی دورے کی مذمت کی گئی اور حکومت سے تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ملک میںجاری دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے اظہارتعزیت کیا گیااور تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اتنے بڑے سانحات میں سے کسی ایک کے بھی حقائق منظر عام پر نہیں لائے گئے۔

ریلی سے خطاب میں سیدصفی الحسنین شیرازی نے امریکی استعماراور اتحادی ممالک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پرمجرمانہ خاموشی کا مسلم ممالک کو قیامت کے دن حساب دینا ہوگا کہ ایک مسلم ریاست پر قبضہ کیا گیا ، وہا ں کے عوام نے اپنی جدوجہد کی مگر کئی عرب ریاستوں نے اسرائیل کو تسلیم کرکے یہودیوں کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوائے اسلامی جمہوری ایران، حزب اللہ لبنان،اور انصاراللہ یمن کے کسی نے میدان میں حماس کا ساتھ نہیں دیا۔ جبکہ پاکستانی حکومت کامحض زبانی اظہار یکجہتی کافی نہیں ہے، عملی مددکی جائے۔

ریلی میں شیعہ علما ءکونسل وسطی پنجاب کے نائب صدور علامہ حسن رضا قمی ،جعفر علی شاہ،،سیکرٹری اطلاعات سید شہباز حیدر نقوی،ڈویژنل سیکرٹری آصف علی زیدی اور دیگر بھی شریک ہوئے اور خطاب میںکہاکہ عالم تشیع فسلطینی مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=60673

ٹیگز