15

وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عید کی مبارکباد

  • News cod : 60716
  • 31 مارس 2025 - 8:11
وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عید کی مبارکباد
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت پاکستان اس وقت ملک کی اقتصادی بحالی، امن و امان کے قیام اور سماجی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

وزیرِاعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے عید الفطر 1446 کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عید الفطر کے بابرکت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں تقویٰ، صبر اور قربانی کی جو تربیت ہمیں ملی، ہمیں چاہیے کہ اسے اپنی زندگیوں میں رمضان کے بعد بھی جاری رکھیں اور اسلامی اصولوں پر کاربند رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں، ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا، ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت پاکستان اس وقت ملک کی اقتصادی بحالی، امن و امان کے قیام اور سماجی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے قوم کے نام عید کے پیغام میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم متحد ہو کر اپنے ملک کو ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ایک جنگ سے گزر رہا ہے اور ہماری پاک فوج کے افسران اور جوان اس ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، آج کے دن ہم اُن تمام شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعاگو ہیں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم جعفر ایکسپریس کے سانحے کے شہیدوں کے لیے بھی دعاگو ہیں کہ اللہ ان کے درجات بلند فرمائے۔ اور ان کے پسماندگان کے غم برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ان مظلوم بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم و بربریت کا شکار ہیں، خاص طور پر فلسطین اور بھارتی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام جو آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں، پاکستان ہمیشہ اُن کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور ان بے گناہ مسلمانوں کی داد رسی کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عید کی خوشیوں میں اپنے کمزور اور ضرورت مند بہن بھائیوں رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو شریک کریں، ان کی مدد کریں اور ایک فلاحی معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت دن کے حقیقی پیغام کو سمجھنے اور اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=60716

ٹیگز