9

سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کی رہبر انقلاب اسلامی سید آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات

  • News cod : 60798
  • 18 آوریل 2025 - 15:48
سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کی رہبر انقلاب اسلامی سید آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات
ایرانی سرکاری میڈیا نے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔

وفاق ٹائمز، خلیجی عرب ملک سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان نے تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ہے، اور انہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام پہنچایا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان جمعرات کو وفد کے ہمراہ ایران پہنچے، اور انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو پہنچایا تاہم پیغام کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے دوران ایرانی ایٹمی پروگرام پر مذاکرات کا دوسرا دور روم میں منعقد ہورہا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ریاض کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تہران کی آمادگی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب نے برسوں کی کشیدگی کے بعد 2023 میں چین کی ثالثی میں طے پانے والے ایک معاہدے کے بعد سفارتی تعلقات بحال کیے گئے تھے۔ سعودی عرب نے امریکا کے ساتھ ایران کے جوہری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی تنازعات کے حل کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری نے تہران میں سعودی وزیر سے ملاقات کے بعد کہا کہ بیجنگ معاہدے کے بعد سے سعودی اور ایرانی مسلح افواج کے درمیان تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=60798

ٹیگز